کمیونٹی کی جانب سے درخت اگائو مہم وزیر اعظم کے بلین ٹری پلانٹیشن پروگرام کا ہی تسلسل ہے‘ گورنرسندھ کاگلوبل اسماعیلی سووک ڈے کی افتتاحی تقریب سے خطاب

91

کراچی۔26ستمبر (اے پی پی):گورنرسندھ عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ میں اسماعیلی کمیونٹی کو مبارکباد دیتا ہوں کے وزیر اعظم کے بلین ٹری پلانٹیشن پروگرام میں حکومت کے ساتھ شانہ بہ شانہ چل رہے ہیں،یہ ایک بہت اچھا قدم ہے، ”درخت سے حیات” کے تحت پورے ملک میں اسماعیلی کمیونٹی کی جانب سے خطیر تعداد میں درخت لگائے جا رہے ہیں۔ اسی طرح صاف خوشحال پاکستان میں رضا کار صاف اور ستھرائی کے کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے ہیں جو قابل تعریف ہیں۔

ان خیالات کا اظہا ر انہوں نے اتوارکو گلوبل اسماعیلی سووک ڈے کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

گورنر سندھ نے پودا لگا کر پلانٹیشن ڈرائیو کا با قاعدہ آغاز کیا۔ گورنرسندھ نے مزید کہا کہ یہ ایک بین الااقوامی پروگرام ہے جس کے تحت دنیا بھر میں شیعہ اسماعیلی مسلم کمیونٹی متحد ہوکر انسانیت کی رضاکارانہ خدمت کے جذبہ کے تحت لوگوں کے معیار زندگی کو بہتر بناتی ہے خواہ ان کا تعلق کسی بھی عقیدے ، جنس اور نسب سے ہو۔

یہ اسلام کی بنیادی خدمت ، امن ، ہمدردی اور کمزوروں کی دیکھ بھال کے اقدار کی مثال ہیں۔ اس موقع پر تقریب کے شرکا کو بتایا گیا کہ گلوبل اسماعیلی سووک ڈے کے موقع پر دنیا بھر میں مختلف قسم کی سرگرمیاں بیک وقت رونما ہو رہی ہیں جن میں 100,000 گھنٹے سے زیادہ کی خدمات فراہم کرنے کے لئے 18 سے زائد ممالک میں 20,000 سے زیادہ رضاکار شامل ہوں گے،

اس دن کے موقع پر پاکستان میں اسماعیلی کمیونٹی ، ”درخت سے حیات”اور ”صاف خوشحال پاکستان”مہم کو جاری رکھے گی جس کا باقاعدہ آغاز اس سا ل کے شروع میں ہوا ساتھ ہی قدرتی ماحول کے تحفظ کے بارے میں شعور پیدا کرنے اوربطور شہری اجتماعی ذمہ داری کو فروغ دینے کے لیے مختلف سرگرمیاں بھی منعقد کی جائیں گی جس میں ورچوئل کوئز مقابلہ اور ”عکس”کے نام سے ایک قومی آرٹ مقابلہ شامل ہیں۔

اس سال کے شروع میں پاکستان میں اسماعیلی CIVIC کے آغاز کے دوران ، ملک بھر میں7000 سے زائد رضاکاروں اور کمیونٹی ممبرزکی شرکت سے 150 سے زائد مقامات پر 163000 سے زائد درخت لگائے گئے۔اسی طرح جون 2021 میں ماحولیات کے عالمی دن کے موقع پر ، صفائی مہم "صاف خوشحال پاکستان” کے تحت ، اسماعیلی کمیونٹی سے تعلق رکھنے والی گرلز گائیڈز اور بوائے اسکاو ٹس سمیت 6000 سے زائد رضاکاروں نے قومی سطح پر 70 سے زائد عوامی اور کمیونٹی مقامات پر پلاسٹک ،کوڑا کرکٹ اور دیگر مواد اکٹھا کیا۔