کنگ سلمان ریلیف سینٹر نے پاکستان میں فوڈ سکیورٹی سپورٹ پروجیکٹ کے تیسرے مرحلے کا آغاز کر دیا

45
کنگ سلمان ریلیف سینٹر نے پاکستان میں فوڈ سکیورٹی سپورٹ پروجیکٹ کے تیسرے مرحلے کا آغاز کر دیا

اسلام آباد۔4جولائی (اے پی پی):کنگ سلمان ہیومینٹیرین ایڈ اینڈ ریلیف سینٹر نے سال 2025 کے لیے پاکستان میں اپنے فوڈ سکیورٹی سپورٹ پراجیکٹ کے تیسرے مرحلے کا باضابطہ آغاز کر دیا ہے۔ کنگ سلمان ریلیف سینٹر ملک کے 34 پسماندہ اضلاع میں 30,000 غذائی پیکجز تقسیم کرے گا جس سے 210,000 سے زائد افراد مستفید ہوں گے۔

پروجیکٹ کی افتتاحی تقریب سعودی سفارت خانہ اسلام آباد میں منعقد ہوئی جس میں سعودی عرب کے پاکستان میں سفیر نواف بن سعيد المالکی، وفاقی وزیر برائے قومی غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر حسین اور کنگ سلمان ریلیف سینٹر پاکستان کے ڈائریکٹر عبداللہ البقعی نے شرکت کی۔یہ اقدام اس منصوبے کے پہلے دو کامیاب مراحل کی تکمیل کے بعد کیا جا رہا ہے، جن کے دوران پانچ ماہ کے عرصے میں بلوچستان، سندھ، پنجاب، خیبر پختونخوا ، گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر کے 61 اضلاع میں 60 ہزار فوڈ پیکجز تقسیم کیے گئے۔

اس فوڈ پیکج میں تمام تر ضروری اشیاء خوردونوش شامل ہیں، ايك فوڈ پيك 95 کلوگرام پر مشتمل ہے جس میں فائن آٹا ، دال چنا، کوکنگ آئل اور چینی شامل ہیں۔ یہ پیکجز ایک خاندان کو پورے مہینے کے لیے کفایت فراہم کرنے کے لیے ڈیزائن کیے گئے ہیں جو کہ کنگ سلمان ریلیف سینٹر کی نگرانی اور مقامی حکومت کے تعاون سے تقسیم کیے جائیں گے۔

یہ منصوبہ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتهارٹی صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز اور دیگر مقامی شراکت داروں کے تعاون سے نافذ کیا جا رہا ہے۔ اس کا مقصد غذائی عدم تحفظ کا تدارک، غذائی صحت میں بہتری اور قدرتی آفات سے متاثرہ و پسماندہ طبقات کی مدد کرنا ہے۔ تقسیم کے لئے مستحق خاندانوں کی نشاندہی مقامی حکام کے ساتھ مل کر کی جائے گی تاکہ امداد درست حقداروں تک پہنچ سکے۔