کوئٹہ۔12 اپریل (اے پی پی) وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے کوئٹہ کے علاقے ہزار گنجی میں بم دھماکے سے قیمتی جانوں کے ضیاع پر دلی دکھ اور افسوس کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ کہ ہم شہداء کے اہل خانہ کے غم میں برابرکے کے شریک ہیں ۔یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ انسانیت کے دشمن دہشت گرد کسی رعایت کے مستحق نہیں، واقعہ میں ملوث عناصر اور ان کے سرپرستوں کے خلاف پوری قوت سے کارروائی کر کے انہیں کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ شدت پسند سوچ کے حامل افراد معاشرے کا ناسور ہیں اور ان کا تدارک ناگزیر ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پرامن ماحول کو خراب کرنے کی سازشوں کو ہمیں ملکر ناکام بنانا ہوگا۔ وزیراعلیٰ جام کمال خان نے ہدایت کی کہ زخمیوں کو علاج کی بہترین سہولیات فراہم کی جائیں۔