کوئٹہ۔ 29 اگست (اے پی پی):ایس پی شیرانی میر منظوراحمد بلیدی نے کہا ہے کہ انسپکٹر جنرل آف پولیس بلوچستان اورڈی آئی جی جنرل پولیس ژوب رینج کی خصوصی ہدایات پر چینی سمگلروں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے دھانہ سر چیک پوسٹ پر 15ٹرکوں پر 8000 بوری چینی کی سمگلنگ کی کوشش ناکام بنا دی ۔
منگل کے روز میڈیا کے نمائندوں کوچینی سمگلنگ کے متعلق تفصیلات بتاتے ہوئے ایس پی شیرانی نے بتایا کہ انہوں نے چینی سمگلروں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے دھانہ سر چیک پوسٹ پر 15ٹرکوں سے 8000بوریاں چینی برآمد کرلی ہے جن کا وزن 400ٹن بنتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں چینی بحران پر قابو پانے کے سرحدی علاقوں میں سرچ آپریشن جاری ہے ، سمگلنگ میں ملوث یا غفلت برتنے والے اہلکاروں کو ہٹایا جائے گا اور ان کے خلاف محکمانہ کارروائی شروع کی جائے گی۔
انہوں نے مزید بتایا کہ تمام پولیس چیک پوسٹوں پر دن رات ہمارے جوان چوکس ہیں، غیرقانونی چینی اسمگلروں کے خلاف ہماری کاروائیاں جاری ہیں ،آج کی کارروائی بھی انہی آپریشن کا تسلسل ہے جہاں دھانہ سر چیک پوسٹ پرکارروائی کی گئی،
دوران چیکنگ تمام ٹرک ڈرائیوزموقع پر موجود عملہ کو کوئی سرکاری اجازت نامہ پیش نہیں کر سکے اور بتلایا کے وہ یہ چینی قلعہ سیف اللہ سے چمن لے جارہے تھے مگر ابتدائی تفتیش کے بعد یہ بات سامنے آئی کہ یہ چینی افغانستان سمگل ہونے جا رہی تھی۔حسب ضابطہ چینی کو قبضہ پولیس میں لے کر کسٹم حکام نے ضلع شیرانی کے انچارج کے حوالے کیا ہے ،مزید کارروائی کسٹم حکام کر رہی ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=383962