لاہور۔2جنوری (اے پی پی):وفاقی وزیر انسداد منشیات اعجاز احمد شاہ نے کہا ہے کہ منشیات سمگلنگ کی روک تھام حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے ،کوئی بھی ملک اداروں کے درمیان مکمل کوآرڈینیشن کے بغیر منشیات سے پاک معاشرے کو تشکیل نہیں دے سکتا، ہمسایہ ممالک آپس میں تعاون کر کے منشیات کے خاتمے کے لیے کام کرسکتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایک ایرانی نیوز ایجنسی کو خصوصی انٹرویو دیتے ہو ئے کیا، انٹرویو کا انعقاد ایرانی انسداد منشیات پولیس کے سربراہ بریگیڈیئر جنرل ماجد کرمانی کے دورہ پاکستان کے سلسلے میں کیا گیا۔وفاقی وزیر انسداد منشیات اعجاز احمد شاہ نے کہا کہ کوئی بھی ملک اداروں کے درمیان مکمل کو آرڈینیشن کے بغیر منشیات سے پاک معاشرے کو تشکیل نہیں دے سکتا، میں بطور ریجنل ڈائریکٹر اے این ایف اپنے فرائض سرانجام دے چکا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ منشیات سے متعلق مسائل سے اچھی طرح واقف ہوں، ہمسایہ ممالک آپس میں تعاون کر کے منشیات کے خاتمے کے لیے کام کرسکتے ہیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ ایران کی جانب سے منشیات کے خاتمے کیلئے تعاون کی پیشکش خوش آئند ہے، بریگیڈیئر جنرل ماجد کرمانی کے دورہ پاکستان کے منتظر ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ منشیات کے خاتمے کیلئے میرا ٹارگٹ منشیات کی ڈیمانڈ کو ختم کرنا ہے، ڈیمانڈ کم ہونے سے ہی سپلائی کرنے والوں سے باقاعدہ طور پر نمٹا جا سکتا ہے، منشیات کے نقصانات سے متعلق آگہی اور لوگوں کی بحالی پر کام کرنا انتہائی اہم ہے۔ وفاقی وزیر اعجاز احمد شاہ نے مزید کہا کہ منشیات کی سمگلنگ کی روک تھام بھی اولین ترجیحات میں شامل ہے، منشیات کے شکار افراد کے علاج و بحالی کیلئے اداروں کی تشکیل زیر غور ہے، ایران کے وفد سے ملاقات میں دونوں ممالک سے متعلق معاملات کو زیر غور لائیں گے۔