کور کمانڈر ہائوس لاہور کو نذر آتش کرنے کا ذمہ دار عمران خان ہے ، وزیراعظم شہباز شریف

لاہور ۔13مئی (اے پی پی):وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ لاہور میں کور کمانڈر ہائوس کو نذر آتش کرنے کے وحشیانہ فعل کے ذمہ دار عمران نیازی ہیں کیونکہ انہوں نے ہی منصوبہ بندی کی اور اسے آگ لگانے کی کارروائی پر اکسایا۔ہفتہ کو جناح ہائوس کے دورے کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ اس حملے کے منصوبہ سازوں، اکسانے والوں اور حوصلہ افزائی کرنے والوں کو کوئی ریلیف نہیں دیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ جناح ہا ئوس کور کمانڈر لاہور کا گھر تھا جسے 9 مئی کو المناک اور بے دردی سے جلا دیا گیا تھا۔انہوں نے کہا کہ فسادیوں نے حملہ کر کے گھر کو آگ لگا دی، انہوں نے مزید کہا کہ آتش زنی کرنے والوں کو اس بات کی پرواہ نہیں تھی کہ یہ ایک تاریخی عمارت ہے اور فوجی افسر اور اس کا خاندان وہاں رہ رہا ہے۔انہوں نے ریمارکس دیئے کہ اس عمارت میں مادر وطن کاوہ بیٹا رہ رہاتھا جو اپنی مادر وطن کی حفاظت پر مامور ہے ۔

انہوں نے کہا کہ یہ ظالمانہ اور ریاست دشمنی کا عمل تھا جو ملک کی 75 سالہ تاریخ میں پہلے کبھی نہیں ہوا۔وزیراعظم نے واقعے پر بات کرتے ہوئے کہا کہ انہیں دکھ ہوا اور کہا کہ کسی نے سوچا بھی نہیں تھا کہ ایسا واقعہ بھی ہوسکتا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ قوم شرم محسوس کر رہی اور اس واقعہ کے بعد غمزدہ ہے ۔انہوں نے کہا کہ اس فعل کا ارتکاب کرنے والوں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا، ایسے عناصر کو آئین و قانون کے مطابق عبرت ناک سزا دے کر آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا تاکہ دنیا ان کے انجام کو دیر تک یاد رکھے ۔

شہباز شریف نے کہا کہ یہ وحشیانہ کارروائی اس وطن کے ان سپوتوںکے خلاف کی گئی جو ملک میں قیام امن کے لیے دہشت گردی کا قلع قمع کر رہے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ یہ ان لوگوں کے خلاف کارروائی تھی جنہوں نے ہماری سرحدوں کی حفاظت کے لیے اپنی جانیں قربان کیں اور ان کی بیویاں بیوہ اور ان کے بچے یتیم ہو گئے۔

کمبائنڈ ملٹری ہسپتال اور سروسز ہسپتال لاہور کے دورے کے دوران وزیراعظم نے ڈی آئی جی آپریشنز علی ناصر رضوی سمیت افسران اور ہنگامہ آرائی کے دوران فرائض کی انجام دہی کے دوران زخمی ہونے والے جوانوں کی خیریت دریافت کی۔اس موقع پر نگراں وزیراعلی محسن نقوی اور اعلیٰ فوجی اور سول افسران وزیراعظم شہباز شریف کے ہمراہ تھے۔