اسلام آباد۔23مئی (اے پی پی):وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا ہے کہ کورونا وائرس سے لڑنے کا واحد راستہ بڑے پیمانے پر ویکسی نیشن ہے اور حکومت ویکسی نیشن کے عمل میں مزید تیزی لائی گی تاکہ روزانہ ویکسین کی 5 لاکھ ڈوزز لگانے کے ہدف تک پہنچا جا سکے، پاکستان نے ویکسی نیشن مہم میں ایک اور سنگ میل عبور کیا ہے اور ملک بھر میں 50 لاکھ سے زائد افراد کو ڈوزز لگ چکی ہیں۔ نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت اعلیٰ سطح پر ویکسی نیشن پروگرام کا باقاعدگی کے ساتھ جائزہ لے رہی ہے تاکہ ملک کے سب سے کمزور آبادی والے گروپ کو وائرس سے محفوظ رکھا جا سکے۔
ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا کہ جن لوگوں کی ویکسی نیشن مکمل ہو چکی ہے وہ اب بین الاقوامی سفر کر سکتے ہیں تاہم اس کے ساتھ ساتھ انہیں احتیاطی تدابیر کو جاری رکھنا ہو گا جیسا کہ ماسک پہننا، اجتماعات میں جانے سے گریز، سماجی فاصلہ رکھنا اور کثرت کے ساتھ ہاتھ دھونا شامل ہیں، میڈیا کو چاہیے کہ وہ عوام کو ویکسی نیشن کے حوالے سے آگاہی فراہم کرنے کے سلسلے کو جاری رکھے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت بڑے پیمانے پر ویکسی نیشن کی تیاری کر رہی ہے جو ملک سے مہلک وبا کے خاتمے کیلئے انتہائی اہم ہے، عوام آسٹرازینیکا ویکسین پر اعتماد رکھیں۔
معاون خصوصی نے کہا کہ آسٹرازینیکا ویکسین ترقی پذیر ممالک کیلئے انتہائی موزوں ہے، اسے چھ ماہ تک نارمل فرج میں سٹور رکھا جا سکتا ہے جبکہ اسے آسانی سے تقسیم اور سستے داموں تیار کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ متعلقہ حکام نے سخت ٹیسٹنگ کے بعد ملک بھر میں ویکسین کے استعمال کی اجازت دی، اس کے علاوہ نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ اسلام آباد پاکستان میں مقامی سطح پر بھی ویکسین تیار کرنے میں کامیاب رہا ہے۔ ڈاکٹر فیصل سلطان نے یقین دہانی کرائی ہے کہ مقامی سطح پر تیار ہونے والی کینسنو ویکسین رواں ماہ کے آخر تک استعمال ہونے کیلئے دستیاب ہو جائے گی۔
معاون خصوصی نے کہا کہ سعودی حکام نے کہا ہے کہ عازمین حج کیلئے ویکسی نیشن لازمی ہو گی اور حکومت پاکستان نے سعودی حکام سے درخواست کی ہے کہ وہ عازمین حج کیلئے چینی ویکسین کو رجسٹر کریں جیسا کہ یہ ڈبلیو ایچ او سے منظور شدہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اب ایک ایسا ملک ہے جہاں پر مختلف ویکسین کو بروئے کار لایا جا رہا ہے اور موثر طریقے کے ساتھ اپنے اہداف حاصل کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مہلک وبا کے خلاف جنگ جیتنے کیلئے ویکسی نیشن واحد آپشن ہیں اور اس سے نمٹنے کیلئے معاشرے کے ہر طبقے کے لوگوں کو بھرپور کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے۔