کورونا وائرس کی وبا کی دوسری لہر میں اموات دو گنا ہو سکتی ہیں، برطانوی وزیراعظم کا انتباہ

169

لندن۔2نومبر (اے پی پی):برطانوی وزیراعظم بورس جانسن نے خبردار کیا ہے کہ کورونا وائرس کی وبا کی دوسری لہر سے ممکنہ اموات ملک میں پہلی لہر کے کے دوران ہونے والی اموات سے دوگنا ہو سکتی ہیں۔ برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق وزیراعظم بورس جانسن نے پارلیمنت میں دیئے گئے بیان میں کہا کہ کورونا وائرس کے پھیلائو کو روکنے کے لیے برطانوی پارلیمان ملک بھر میں 4 ہفتے کے لاک ڈائون کی منظوری کی حمایت کرے کیونکہ اس کے علاوہ دوسرا کوئی راستہ نہیں ہے لیکن لاک ڈائون کے احکامات سے قبل کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے وہ تمام ممکنہ اقدامات بروئے کار لائیں گے ۔ برطانوی وزیراعظم نے ہفتے کو ڈائوننگ سٹریٹ میں نیوز کانفرنس کے دوران کہا تھا کہ کورونا وائرس سے بچائو کے لیے ملک بھر میں جمعرات سے سخت احتیاطی اقدامات کے تحت بارز، ہوٹل، جمز، عبادت گاہیں اور غیر ضروری دکانیں بند کیے جائیں گے۔ برطانوی وزیراعظم کے سخت حفاظتی اقدامات کے لیے پارلیمانی اراکین کی اکثریت کی جانب سے حمایت میں ووٹنگ بدھ کو ہو گی۔