اسلام آباد۔3اپریل (اے پی پی):سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کی وجہ سے پوری دنیا غیرمعمولی صورتحال کا شکار ہے، مہلک وبا نے دنیا کی معیشتوں کو ہلا کر رکھ دیا ہے جیسا کہ اس نے پاکستانی معیشت کیلئے بھی مسائل پیدا کئے ہیں، مہنگائی پر قابو پانا اور معاشرے کے پسے ہوئے طبقے کے لوگوں کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنا حکومت کی ترجیحات میں سرفہرست ہے۔
ہفتہ کو نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت نے جب اقتدار سنبھالا تو ملکی خزانہ بالکل خالی اور ملک قرضوں کے بوجھ تلے دبا ہوا تھا تاہم وزیراعظم عمران خان اور ان کی معاشی ٹیم نے پہلے مرحلے اچھی طرح سے معاشی چیلنجز کا مقابلہ کیا اور ملک میں معاشی استحکام لائی، اب دوسرے مرحلے میں ملک ترقی کے سفر کی جانب گامزن ہے، امید ہے کہ نئے وزیر خزانہ حماد اظہر اپنی صلاحیتوں اور قابلیت کی بناءپر معاشی مسائل کو حل کر لیں گے اور عوام کو ریلیف ملے گا۔
شبلی فراز نے کہا کہ حکومت ہمیشہ زمینی حقائق دیکھ کر فیصلے کرتی ہے، ای سی سی معیشت کو دیکھتے ہوئے فیصلے کرتی ہے اور تجاویز دیتی ہے، جب ای سی سی کا فیصلہ کابینہ میں آتا ہے تو اس پر بحث ہوتی ہے، کابینہ میں اصل فیصلے کئے جاتے ہیں جس کی سربراہی وزیراعظم عمران خان کرتے ہیں اور کابینہ کو کسی بھی فیصلے کی حتمی منظوری دینے کا اختیار حاصل ہے۔
ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وزارت اطلاعات مشکل جاب ہے، میں نے اپنی ذمہ داری بخوبی انجام دینے کی کوشش کی، اب وزیراعظم عمران خان جو بھی وزارت دیں گے قبول کروں گا۔
اپوزیشن سے متعلق سوال کے جواب میں شبلی فراز نے کہا کہ پی ڈی ایم کی کوئی حکمت عملی ہے اور نہ کوئی کاز، ان لوگوں کو صرف اپنے مفادات سے غرض ہے، مریم نواز نے پی ڈی ایم کو اپنی ذاتی خواہشات کی بھینٹ چڑھا دیا اور انہوں نے پوری پی ڈی ایم کو آدھا کر دیا ہے، عوام نے پہلے بھی مفاد پرست ٹولے کو مسترد کیا اور آئندہ بھی مسترد کریں گے۔