اسلام آباد۔23دسمبر (اے پی پی):وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا ہے کہ کورونا ویکسین اگلے مارچ تک پاکستان میں دستیاب ہوجائے گی۔ اپنے ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ فرنٹ لائن ہیلتھ ورکرز اورپچاس سے اوپر عمر کے لوگوں کو کورونا وائرس سے بچاؤ ویکسین دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہم کورونا وائرس ویکسین کی خریداری کے لئے تین کمپنیوں کے ساتھ رابطے میں ہیں۔کووڈ – 19کی دوسری لہر پر بات کرتے ہوئے ، انہوں نے کہا کہ یہ ایک خطرناک لہر تھی جس نے پوری دنیا کے لوگوں کی ایک بڑی تعداد کو متاثر کیا ۔انہوں نے لوگوں پر زور دیا کہ وہ کورونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لئے (ایس او پیز) کو اپنائیں۔ ویکسین کی خریداری کے بارے میں انھوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ حکومت نے کورونا ویکسین کی خریداری کے لئے نجی شعبے پر کوئی پابندی نہیں عائد کی۔