کوریا اور چین کے سرمایہ کاروں نے پاکستان اسٹیل ملز میں سرمایہ کاری میں دلچسپی کا اظہار کیا ہے، محمد میاں سومرو‎‎

157

اسلام آباد۔17ستمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر نجکاری محمد میاں سومرو نے کہا ہے کہ کوریا اور چین کے سرمایہ کاروں نے پاکستان اسٹیل ملز میں سرمایہ کاری میں دلچسپی کا اظہار کیا ہے، وزیر اعظم اسٹیل ملز کی بحالی کے حوالے سے پیش رفت سے آگاہ ہیں، دنیا کے بہترین سرمایہ کاروں پر مشتمل کنسورشیم ہی پری کوالیفیکیشن مرحلہ میں داخل ہوں گے۔ وزارت نجکاری کی جانب سے جمعہ کو جاری بیان کے مطابق وفاقی وزیر نجکاری محمد میاں سومرو کی زیرصدارت پاکستان اسٹیل ملز روڈ شوز جاری ہیں۔

وزارت نجکاری کی کاوشوں سے جاری اسٹیل ملز بحالی کے لئے بین الاقوامی سرمایہ کاروں سے میٹنگز کا سلسلہ پانچویں روز بھی جاری رہا۔ جمعہ کو اس حوا لے سے یہاں منعقد ہونے والے اجلاس میں وفاقی وزیر نجکاری محمد میاں سومرو، سیکرٹری نجکاری، وزارت کے دیگر اعلی حکام، قانونی اور اسٹیل ملز کے مالیاتی مشیروں نے بھی شرکت کی ہے۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر نجکاری محمد میاں سومرو نے کہا کہ بین الاقوامی سرمایہ کاروں کا اسٹیل ملز میں سرمایہ کاری میں اظہار دلچسپی نہایت حوصلہ افزا ہے۔ محمد میاں سومرو نے کہا کہ آج پانچویں دن کوریا اور چین کے سرمایہ کاروں نے اجلاس میں شرکت کی اور پاکستان اسٹیل ملز میں سرمایہ کاری میں دلچسپی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم مران خان پاکستان اسٹیل ملز کی بحالی کے حوالہ سے پیش رفت سے آگاہ ہیں اور اسکا جائزہ لے رہے ہیں۔

وزیر نجکاری نے مزید کہا کہ دنیا کے بہترین سرمایہ کاروں پر مشتمل کنسورشیمز ہی پری کوالیفیکیشن مرحلہ میں داخل ہوں گے۔ محمد میاں سومرو نے کہا کہ پاکستان اسٹیل ملز روڈ شوز 23 ستمبر تک متوقع ہیں اور وزارت نجکاری روزانہ کی بنیاد پر سرمایہ کاروں سے اجلاس کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اسٹیل ملز کی بحالی ملکی معیشت کے لئے ایک نہایت اہم سنگ میل ثابت ہو گا۔