اسلام آباد۔2جولائی (اے پی پی):پاکستان میں جاپان کے سفیر واڈا متسوہیرو نے کہا ہے کہ پاکستان آئی ٹی کے شعبے میں بھرپور انسانی وسائل کا خزینہ ہے ، پاکستان اور جاپان کے درمیان آئی ٹی سمیت مختلف شعبے میں اشتراک کار کو فروغ دینے کے وسیع مواقع موجود ہیں ۔
وہ منگل کو کوماتسو پاکستان سافٹ کی سلور جوبلی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔وفاقی سیکرٹری وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی کیپٹن (ر) محمد محمود، کوماتسو پاکستان سافٹ کے صدر تاکاشی مایا سیتاسان، ایم ڈی کوماتسو پاکستان سافٹ خالد یعقوب، جاپان انٹرنیشنل کوآپریشن ایجنسی (جائیکا) کے چیف نمائندہ نوکائی میاتا، پاکستان سافٹ وئیر ایکسپورٹ بورڈ ذیشان خٹک، پاکستان آئی ٹی انڈسٹری ایسوسی ایشن (پاشا) کے چیئرمین ذوہیب خان سمیت آئی ٹی شعبہ کے نامور اداروں کے نمائندے تقریب میں شریک تھے۔ سفیر واڈا متسوہیرو نےکوماتسو پاکستان سافٹ (کے پی ایس) کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ کوماتسو جاپان کا عالمی معیار اور تکنیکی جدت کا حامل ادارہ ہے جو آئی ٹی سمیت تعمیرات ، ہیوی مشینری اور دیگر شعبوں میں خصوصی مہارت رکھتا ہے ۔ انہوں نے کوماتسو پاکستان سافٹ (کے پی ایس) کی 25ویں سالگرہ پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ اس خصوصی موقع پر موجود ہونا میرے لیے بہت خوشی کی بات ہے۔
انہوں نے کہا کہ کوماتسو کی بنیاد 1921 میں رکھی گئی تھی اور اب دنیا بھر میں 150 ممالک میں اس کے دفاتر ہیں اور یہ تیزی سے ترقی کررہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جاپانی انسانی وسائل کی کمپنیاں پاکستان میں سرگرم ہیں، اور وزارت آئی ٹی اور ٹیلی کمیونیکیشن، پاکستان سافٹ ویئر ایکسپورٹ بورڈ (پی ایس ای بی) اور جائیکا ایک ایسا نظام قائم کرنے میں تعاون کر رہے ہیں جس سے پاکستانی آئی ٹی انسانی وسائل کو جاپانی کمپنیوں کے ساتھ ملایا جائے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں آئی ٹی انڈسٹری 1990 کی دہائی میں شروع ہوئی اور حالیہ برسوں میں نمایاں طور پر ترقی کر رہی ہے، جسے حکومت کی ڈیجیٹل پاکستان پالیسی کی حمایت حاصل ہے۔ پاکستان پر جلد توجہ مرکوز کرنے اور دنیا میں کوماتسو گروپ کے تمام مراکز کو سپورٹ کرنے کے لیے کے پی ایس کو سافٹ ویئر ڈویژن کے طور پر قائم کرنے میں کوماتسو کی دور اندیشی قابل ذکر ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ جاپان میں عالمی کمپنی اور پاکستان میں باصلاحیت افراد کے درمیان تعاون کے ذریعے ممکن ہوا ہے۔ انہوں نے کہاکہ جاپان کی آبادی 2011 سے کم ہو رہی ہے اور مستقبل میں آئی ٹی کے شعبے میں 5 لاکھ انسانی وسائل کی کمی ہوگی۔ ایم ڈی کوماتسو پاکستان سافٹ خالد یعقوب نے شرکاء کو بتایا کہ کوماتسو گروپ آف کمپنیز جاپان کی ایک ذیلی کمپنی ہے۔ ہم انٹرپرائز سافٹ ویئر ایپلی کیشن حل، آئی ٹی مشاورت، اور آؤٹ سورسنگ خدمات میں مہارت رکھتے ہیں۔ 1999 میں قائم ہونے والی کے پی ایس نے کوماتسو گروپ اور عالمی آئی ٹی صنعت میں ایک معزز مقام حاصل کیا ہے۔ کے پی ایس ایشیا پیسیفک، مشرق وسطی، یورپ اور امریکہ میں کوماتسو گروپ آف کمپنیز کو سافٹ ویئر ڈویلپمنٹ اور مشاورتی خدمات فراہم کرتا ہے، جو کلائنٹس کی ضروریات اور مطالبات کے عین مطابق اعلیٰ معیار کے سافٹ ویئر پروڈکٹس اور مکمل حل فراہم کرتا ہے۔
ایم ڈی کوماتسو نے بتایا کہ کے پی ایس کی ایک نمایاں خصوصیت اس کی انتہائی پیشہ ور، ماہر اور متحرک ٹیم ہے جو کلائنٹس کی توقعات اور ضروریات سے بڑھ کر خدمت کرنے پر یقین رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ معیاری کام، بروقت فراہمی، جامع حل اور مقابلے کی صلاحیت ہماری نمایاں خصوصیات میں شامل ہیں جو اسے دنیا بھر کے کلائنٹس کے لیے ایک اولین انتخاب بناتی ہیں۔پاکستان آئی ٹی انڈسٹری ایسوسی ایشن (پاشا) کے چیئرمین ذوہیب خان نے کہا کہ آئی ٹی کے شعبے میں پاکستان کے باصلاحیت لوگ کوماتسو کے ذریعے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منا رہے ہیں، ہماری ایسوسی ایشن کا پاکستان میں آئی ٹی کے فروغ میں کلیدی کردار ہے، ضرورت اس امر کی ہے کہ آئی ٹی کے شعبے میں عالمی سطح پر ضرورت افرادی قوت کی ڈیمانڈ کے مطابق سکلر ٹریننگ یقینی بنائی جائے۔
پاکستان میں جائیکا کے چیف نمائندے نوکائی میاتا نے کہا کہ کوماتسو آئی ٹی کے شعبے میں جبکہ جائیکا مختلف شعبوں میں پاکستان کو تکنیکی خدمات فراہم کر رہا ہے۔ کوماتسو پاکستان سافٹ کے قیام کے 25 سال مکمل ہونے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ جاپان کے ڈویلپمنٹ کے ادارے اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے سرانجام دے رہے ہیں۔ تقریب کے اختتام پر کوماتسو پاکستان سافٹ کے قیام کو 25 سال مکمل ہونے پر جاپانی سفیر واڈا مستو ہیرو نے دیگر شرکاء کے ہمراہ کیک کاٹا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=480878