کوکا کولا کلین گرین پاکستان پروگرام کی توسیع و ترقی کے لئے اپنا بھرپور کردار ادا کرے گی

81

اسلام آباد۔7اپریل (اے پی پی):دنیا کی ممتاز مشروب ساز کمپنی کوکاکولا پاکستان لمیٹڈ (سی سی پی )وزیراعظم پاکستان عمران خان کے کلین گرین پاکستان پروگرام کی توسیع و ترقی کے لئے اپنا بھرپور کردار ادا کرے گی ۔ اس حوالے سے وزارت موسمیاتی تبدیلی اور کوکا کولا پاکستان کے درمیان باضابطہ معاہدہ طے پا گیا ہے۔ معاہدے پر دستخط کے حوالے سے تقریب کا انعقاد وزارت موسمیاتی تبدیلی ، اسلام آباد میں کیا گیا۔ تقریب میں وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے موسمیاتی تبدیلی ملک امین اسلم سمیت وزارت کے نمائندوں، سی سی آئی پاکستان ، ماحولیاتی تحفظ ایجنسی (ای پی اے) کے متعلقہ حکام و اعلیٰ عہدیداروں نے شرکت کی۔

معاہدے کے تحت کوکا کولا پاکستان وزیراعظم کے کلین گرین پاکستان پروگرام کی توسیع کے لئے بھرپور معاونت فراہم کرے گی۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم کے معاون خصوصی ملک امین اسلم نے کہا کہ معاہدے کے تحت کوکا کولا کمپنی ،پاکستان ملک بھر میں مختلف صفائی کی سرگرمیوں میں معاونت کرے گی اور ساتھ ہی ساتھ مختلف بڑے شہروں میں 50 ہزار کے لگ بھگ پودے بھی لگائے گی۔

اس یادداشت کا اطلاق لاہور، اسلام آباد، اٹک، رحیم یار خان، کراچی، ملتان، گوجرانوالہ اور فیصل آباد میں ہوگا۔ ملک امین اسلم نے کہا کہ پاکستان کے تمام شہریوں پر بھی ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ کلین گرین پاکستان پروگرام جیسے بہترین اقدام کے سلسلے میں ملک کو موسمیاتی تبدیلی سے محفوظ کرنے کے لیے معاشرتی ذمہ داری کا بھرپور مظاہرہ کریں۔

وزیراعظم کے معاون خصوصی کا مزید کہنا تھا کہ کلین گرین پاکستان کو باضابطہ طور پر اکتوبر 2018 میں وزیر اعظم عمران خان نے ایک قومی مہم کے جذبے کے تحت شروع کیا تھا جس میں پودے لگانا ، فضلہ جات اور کچرے سے متعلق صفائی کے انتظامات کرنا، حفظان صحت ، صفائی ستھرائی اور صاف پانی کی فراہمی جیسے اہم اقدامات شامل ہیں ۔ سی سی پاکستان اس ضمن میں ہمارے ساتھ اپنی پوری صلاحیتوں کو بروئے کار لانے کے لئے پر عزم ہے۔

ملک امین اسلم نے بتایا کہ انہیں پورا یقین ہے کہ کلین گرین پاکستان کے لئے وزیر اعظم عمران خان کے ویژن کو کامیابی سے نافذ کرنے کے لئے سول سوسائٹی کی تنظیموں اور نجی شعبے کے ساتھ شمولیت اہمیت کی حامل ہے۔ اس موقع پر سی سی آئی پاکستان کے منیجر پبلک افیئر بصیر ظفر کا نے کہا کہ سی سی آئی کے افسران و ملازمین بھی طے شدہ سرگرمیوں کی تکمیل میں اپنا بہترین کردار ادا کریں گے۔

انہوں نے واضح کیا کہ یادداشت کے مطابق تمام تر سرسبز سرگرمیاں 2021 کے اندر مکمل کی جائیں گی جو صاف ستھرے اور سرسبز پاکستان کی تشکیل میں بہترین ثابت ہوں گی۔ سی سی آئی پاکستان کے جنرل منیجر احمت کرساد ارتن نے کہاکہ وہ پاکستان کے ایک ذمہ دار اور ماحول کے لحاظ سے باشعور کارپوریٹ شہری ہونے کا ثبوت دینا چاہتے ہیں اور یہ یادداشت و باہمی اتحاد ماحول کو تحفظ فراہم کرنے اور پاکستان کو درپیش موسمیاتی تبدیلی کے تباہ کن چیلنجوں سے بچانے کے لئے ہمارے پختہ عزم کے اظہار کے طور پر اپنا بہترین کردار ادا کرے گا۔