کوہاٹ، 491 پولنگ سٹیشنوں کیلئے انتخابی سامان کی ترسیل جاری

104
کوہاٹ، 491 پولنگ سٹیشنوں کیلئے انتخابی سامان کی ترسیل جاری

پشاور۔ 07 فروری (اے پی پی):کوہاٹ میں 491 پولنگ سٹیشنوں کیلئے انتخابی سامان کی ترسیل جاری ہے۔ الیکشن کمیشن کے مطابق پولنگ سٹیشنز کے لئے سامان کی ترسیل کیلئے پوسٹ گریجویٹ کالج میں کنٹرول سنٹر قائم کیا گیا ہے، سامان نادرا رجسٹریشن کے بعد متعلقہ عملے کو حوالے کیا جائے گا جبکہ تمام پولنگ سٹیشنز کو سامان کی ترسیل آج یقینی بنائی جائے گی۔

مرکزی سنٹر کے چاروں اطراف سخت سیکورٹی یقینی بنائی گئی ہے۔ داخلی راستے پر واک تھرو گیٹ نصب کیا گیا ہے۔ کوہاٹ میں الیکشن کمیشن کی جانب سے 101 پولنگ سٹیشن انتہائی حساس قرار دئیے گئے ہیں جبکہ 49 پولنگ سٹیشن حساس اور341 نارمل قرار دئیے گئے ہیں کوہاٹ کے تینوں حلقوں میں قائم پولنگ سٹیشنوں کی کل تعداد 491 ہے جس میں 118 مردوں، 109 خواتین اور 264 مشترکہ پولنگ سٹیشن قائم کئے گئے ہیں ۔

ریجنل الیکشن کمشنر کے مطابق کوہاٹ میں 659 خواتین سمیت کل 1452 پولنگ بوتھ بنائے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 516 پریذائیڈنگ، 3049 معاون پریذائیڈنگ افسروں سمیت مختلف محکموں کے 5580 اہلکار انتخابات میں فرائض انجام دیں گے۔

ریجنل الیکشن کمشنرنے کہا ہے کہ حساس اور انتہائی حساس پولنگ سٹیشنوں پر کوئیک رسپانس فورس، ایف سی اور پاک فوج سیکورٹی کے فرائض انجام دے گی۔