کویت میں غیرملکیوں کے لیے بھی شادی سے قبل طبی معائنہ لازمی قرار دے دیا

108

کویت سٹی ۔6فروری (اے پی پی):کویت میں غیرملکیوں کے لیے بھی شادی سے قبل طبی معائنہ لازمی قرار دے دیا۔ العربیہ نیوز کے مطابق کویتی وزارت صحت نے شادی سے قبل طبی معائنے کے ضوابط میں ترمیم کرتے ہوئے غیرملکی جوڑوں کے لیے بھی ٹیسٹ لازمی قرار دے دیا۔

کویتی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ شادی سے قبل جوڑوں کا طبی معائنہ کرانے کا مقصد معاشرتی صحت کو برقرار رکھتے ہوئے موروثی امراض کا خاتمہ کرنا ہے۔

وزارت کا مزید کہنا تھا کہ شادی کے لیے لازمی طبی معائنے کے ضوابط کویتی شہریوں پر ہی نہیں بلکہ غیر ملکیوں پر بھی یکساں لاگو ہوں گے خواہ ایک فریق کویتی ہو یا غیرملکی یا دونوں غیرملکی ہوں۔واضح رہے کہ سعودی عرب سمیت متعدد عرب ممالک میں اپنے شہریوں کے لیے شادی سے قبل طبی معائنے کا قانون کافی عرصے سے نافذ ہے جس کا مقصد موروثی بیماریوں کی روک تھام ہے۔