30.5 C
Islamabad
بدھ, اپریل 30, 2025
ہومبین الاقوامی خبریںکویت میں فوجداری قانون کی شق 182 منسوخ ، اغوا شدہ لڑکی...

کویت میں فوجداری قانون کی شق 182 منسوخ ، اغوا شدہ لڑکی سے شادی کے باوجود اغوا کار کو سزا لازم ہو گی

- Advertisement -

کویت سٹی۔30اپریل (اے پی پی):کویت کی کابینہ نے ایک اہم قانونی اور اصلاحی اقدام کے تحت فوجداری قانون کی شق 182 کو منسوخ کر دیا ہے۔شق 182 میں درج تھا کہ اگر اغوا کار ، اغوا شدہ لڑکی سے ولی کی اجازت سے شرعی طور پر شادی کر لے اور ولی سزا نہ دینے کی درخواست کرے تو اس پر کوئی سزا لاگو نہیں ہو گی۔

العربیہ کے مطابق کویتی وزیرِ انصاف ناصر السمیط نے تصدیق کی ہے کہ کابینہ کی جانب سے منسوخ کی گئی یہ شق نہ صرف آئین کے منافی تھی، بلکہ اسلامی شریعت سے بھی متصادم تھی،اکثر یہ ہوتا تھا کہ ملزم اغوا شدہ لڑکی سے شادی کرتا، مقدمہ بند ہونے کے کچھ ہی ہفتوں بعد اسے طلاق دے دیتا، جس سے لڑکی کو شدید نقصان پہنچتا اور معاشرے پر بھی منفی اثرات مرتب ہوتے۔ انہوں نے کہا کہ اس شق کے خاتمے کی ایک اہم بنیاد وزارتِ اسلامی امور کی طرف سے جاری کردہ فتویٰ تھا، جس میں اسے شریعت کے خلاف قرار دیا گیا تھا۔

- Advertisement -

ساتھ ہی یہ شق آئینی اصولوں اور انسانی حقوق کے بین الاقوامی معاہدوں اور متعلقہ منشوروں سے بھی متصادم تھی۔ انہوں نے واضح کیا کہ اس اقدام سے اغوا کے جرائم پر مؤثر روک لگائی جا سکے گی اور مجرموں کو کسی بھی حیلے بہانے سے سزا سے بچنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ یہ قانون میں ایک مثبت تبدیلی ہے جو جدید تقاضوں اور انصاف کے اصولوں سے ہم آہنگ ہے اور اس کا مقصد متاثرہ خواتین کے بنیادی انسانی حقوق کی مکمل حفاظت کو یقینی بنانا ہے۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=590324

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں