کویت کے وزیر خارجہ شیخ ڈاکٹر احمد ناصر المحمد الصباح وفد کے ہمراہ او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے 17ویں غیر معمولی اجلاس میں شرکت کے لئے اسلام آباد پہنچ گئے

81
کویت کے وزیر خارجہ شیخ ڈاکٹر احمد ناصر المحمد الصباح وفد کے ہمراہ او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے 17ویں غیر معمولی اجلاس میں شرکت کے لئے اسلام آباد پہنچ گئے

اسلام آباد۔18دسمبر (اے پی پی):کویت کے وزیر خارجہ شیخ ڈاکٹر احمد ناصر المحمد الصباح وفد کے ہمراہ او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے 17ویں غیر معمولی اجلاس میں شرکت کے لئے ہفتہ کو اسلام آباد پہنچ گئے۔

اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی سینیٹر شبلی فراز اور وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے بین المذاہب ہم آہنگی و مشرق وسطیٰ امور علامہ طاہر محمود اشرفی نے وفد کا استقبال کیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کویت کے وزیر خارجہ نے کہا کہ افغانستان برادر اسلامی ملک ہے جو اس وقت مشکل بحران میں ہے،

اسلامی تعاون کی تنظیم افغانستان کی مدد کیلئے آواز اٹھائے گی اور اس مشکل گھڑی میں ان کی مدد کیلئے اقدامات کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان پاکستان کا پڑوسی ملک ہے اور پاکستان کی طرف سے اپنے افغان بھائیوں کو فراہم کی جانے والی مدد قابل تعریف ہے۔

اس موقع پر وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ او آئی سی کے وزراء خارجہ کونسل کے غیر معمولی اجلاس کی میزبانی پاکستان کیلئے اعزاز کی بات ہے اور یہ اجلاس برادر اسلامی ملک کیلئے بلایا گیا ہے، پاکستان افغانستان کی تعمیر و ترقی کیلئے تعاون جاری رکھے گا۔

وزیراعظم کے معاون خصوصی حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ او آئی سی وزراء خارجہ کا غیر معمولی اجلاس مسلم امہ کے اتحاد و یکجہتی کا مظہر ہے، وزیراعظم عمران خان اپنے کلیدی خطاب میں افغانستان کی امن و ترقی کیلئے اہم پیغام دیں گے۔ اس موقع پر پاکستان میں کویت کے سفیر نواف عبدالعزیز علینیزی اور وزارت خارجہ کے سینئر حکام نے معزز مہمانوں کا پرتپاک استقبال کیا۔