فیصل آباد ۔ 04 اکتوبر (اے پی پی):کپاس کے کاشتکاروں کو 7سے10 اکتوبر تک پٹڑیوں پر کاشت کی گئی کپاس کو آخری پانی لگانے کی ہدایت کی گئی ہے ۔
محکمہ زراعت کے سائنٹفک آفیسر ڈاکٹر اعجازالحسن نے بتایاکہ کاشتکار موسم اور فصل کی حالت دیکھ کر بھی آبپاشی کافیصلہ کر سکتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ چونکہ موسم میں نمی کے باعث لشکری سنڈی اور سست تیلے کے حملہ کا امکان بڑھتا جارہاہے لہٰذا کاشتکار ہفتہ میں دو بار پیسٹ سکاؤٹنگ کاعمل بھی یقینی بنائیں تاکہ فصل کو نقصان کی معاشی حد تک بڑھنے سے بچایا جا سکے۔
مزید برآں حکومتی ہدایات کی روشنی میں جائیکا، پیڈااور محکمہ اصلاح آبپاشی و محکمہ زراعت کے اشتراک سے کسانوں کو نہری پانی کی بچت کی ترغیب دینے کیلئے خصوصی مہم کا آغاز کر دیا گیا ہے جبکہ اس منصوبہ کے تحت کسانوں کی آبی ضروریات کو پوراکرنے اور آبپاشی کے ضمن میں ان کی معاونت سمیت پانی کے ضیاع کو روکنے کیلئے خصوصی تربیتی اقدامات کئے جارہے ہیں
تاکہ حال اور مستقبل میں درپیش آنیوالے پانی کی کمی جیسے سنگین مسائل سے کسی ممکن حد تک نمٹاجاسکے۔ انہوں نے بتایاکہ فیصل آباد، ڈی جی خان، بہاولنگر اور دیگر شہروں کی راجباہوں پر ابتدائی طور پر اقدمات کر کے پانی کی لیکج اور اس کا ضیاع روکا جائے گا۔
انہوں نے بتایاکہ اس دوران کسانوں اور کاشتکاروں کو پانی کی بچت کیلئے لیزر لینڈ لیولنگ، بیڈ اینڈ فرو، سپرنکلز، ٹنل اور ڈرپ اریگیشن کے طریقوں سے بھی روشناس کروایاجائیگا جس سے پانی کی 50فیصد سے زائد بچت ہو گی جبکہ اس سے زرعی پیداوار میں اضافہ اور کسانوں کی آمدن میں بھی بہتری آئے گی۔