کچھ قوتیں پاکستان کو غیر مستحکم کرنے اور ملکی وحدت کو پارہ پارہ کرنے کی کوشش کررہی ہیں ان کاراستہ روکناہوگا،وزیرخارجہ شاہ محمودقریشی

65

ملتان۔14جون (اے پی پی):دربار حضرت غوث بہا والدین زکریا ؒ‘ حضرت شاہ رکن عالم ؒ‘ حضرت بی بی پاک دامن ؒ کے سجادہ نشین و وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ میں پاکستان کی قرارداد سے ثابت ہو گیا ہے کہ فلسطین اور مقبوضہ کشمیر کے مسئلہ پر پوری قوم متحد ہے۔ او آئی سی کے اجلاس کے دوران ہی اسرائیل کا جنگ بندی پر آمادہ ہونا ہماری زبردست کامیابی ہے۔

اسلامو فوبیا کے بڑھتے ہوئے رجحانات مسلم امہ کیلئے لمحہ فکریہ ہے۔ اس کے تدارک کیلئے مسلم امہ کو یکجا ہونا ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو عظیم روحانی پیشوا حضرت شاہ رکن الدین عالم ؒکی والدہ حضرت بی بی پاک دامن ؒ کے 747ویں سالانہ عرس مبارک کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہاکہ فلسطین کی طرح کشمیر میں بھی بنیادی انسانی حقوق پا مال کئے جا رہے ہیں۔

وہاں بھی لوگوں کا جینا محال کردیا گیا ہے۔ اسرائیل اور بھارت کی کھلی جارحیت پوری دنیا کے سامنے بے نقاب ہو گئی ہے۔ پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں قرارداد کی متفقہ منظوری پوری قوم کے لئے خوش آئند ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم ایک پر آشوب دور سے گزر رہے ہیں، کچھ قوتیں پاکستان کو غیر مستحکم کرنے اور ملکی وحدت کو پارہ پارہ کرنے کی کوشش کررہی ہیں۔ یہ وہ قوتیں ہیں جو بھائی کو بھائی سے لڑانا چاہتی ہیں۔ یہ وہ قوتیں ہیں جو ملک کے خلاف سازشیں کررہی ہیں۔

ہمیں ایسی قوتوں کا مقابلہ کرنا ہوگا اور ان کا راستہ روکناہوگا۔ ہمیں اندرونی و بیرونی خلفشار سے بچنے کیلئے یکجہتی کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا اولیاءاللہ کے مزار مینارہ نور ہیں اور لو گ ہمیشہ ان سے ہدایت پاتے رہے ہیں۔ انہوں نے قریہ قریہ نگر نگر سفر کرکے تبلیغ اسلام کی اور ان اولیا ءاللہ کے ہاتھوں ہزاروں لوگ دائرہ اسلام میں آئے۔

تقریب میں مخدوم مرید حسین قریشی‘ علامہ محمد فاروق خان سعیدی‘ مفتی خورشید احمد صدیقی‘ پروفیسر ڈاکٹر صدیق خان قادری‘ قاری مطیع الرسول حیدری اور قاری غلام فرید اظہری نے خطاب کرتے ہوئے کہا حضرت بی بی پاک دامن ؒ نے ہزاروں خواتین کو صراط مستقیم پر گامزن کیا اور ان کی اسلامی خطوط پر تعلیم و تربیت میں اہم کردار ادا کیا۔