کوئٹہ۔ 14 جنوری (اے پی پی):ایس ایس پی کچھی رانا محمد دلاورنےکہا ہے کہ ضلع کچھی کا امن وامان بحال رکھنا میری اولین ترجیح ہے ،امن خراب کرنے والوں کو کسی صورت برادشت نہیں کیا جائے گا ،ہماری تمام تر کوشش جاری رہے گی کہ کچھی کے امن وامان کو مکمل بحال رکھا جائے ،علاقے میں رہنے والی تمام تر اقوام میرے لیے قابل احترام ہیں ،کسی بھی قبیلے کے ساتھ کسی قسم کی زیادتی برداشت نہیں کی جائے گی۔ ان خیالات کااظہارانہوں نے مقامی میڈیا نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہا کہ ضلع بھر میں ہونے والی واردتوں میں ملوث اہلکاروں کے خلاف پولیس انتظامیہ بلا تفریق کارروائیاں جاری رکھے گی ۔انہوں نے کہا کہ کچھی کے امن کو بحال رکھنے میں علاقے کے ہر شہری کا فرض بنتا ہے کہ وہ پولیس کا بھر پور ساتھ دیں اور مجرمان کی نشاندہی کر کے پولیس انتظامیہ کو فوری طور پر اطلاع دیں تاکہ علاقے کا امن خراب کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کاروائی عمل لائی جائے ۔انہوں نے کہا کہ عوام کو چاہیے کہ وہ علاقے میں مجرموں کو پناہ دینے والوں کی بھی بروقت نشاندہی کریں تاکہ ان کے خلاف بھی کارروائی عمل لائی جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ صحافت ایک مقدس پیشہ ہے ،صحافی مثبت سوچ کیساتھ مسائل اور معاشرے میں چھپی برائیوں کو اجاگر کرنے میں اپنا کردار ادا کرتے ہیں ۔انہوں نے کہا ضلع کچھی کے امن کو بحال کرنے میں علاقے کی عوام کا ساتھ بھی انتہائی ضروری ہے ،میری کوشش رہے گی کہ عوام کا اعتماد پولیس پر مکمل طور پر بحال رہے ۔