ساہیوال۔ 06 جنوری (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر ساہیوال شاہد محمود کی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ نے ریونیو عوامی خدمت کچہری میں سائل کی شکایت پر 37 کنال اراضی پر قبضہ اگلے ہی روز واگزار کرا دیا ۔
ریونیو عوامی خدمت کچہری کے انعقاد اور سائلین کے مسائل حل کرنے پراراضی مالک نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز اور ڈپٹی کمشنر شاہد محمود کا شکریہ ادا کیا۔ تفصیلات کے مطابق ضلع ساہیوال کے چک نمبر 109/9Lکے شہری عبدالغفور ریونیو عوامی خدمت کچہری میں ڈپٹی کمشنر شاہد محمود کے روبرو پیش ہوئے۔
انہوں نے بتایا کہ انہیں عارضی کاشت کے لئے 2021 میں 37کنال اراضی الاٹ کی گئی تھی جس کا قبضہ مخالف پارٹی کی جانب سے ہائی کورٹ میں اپیل دائر کرنے کی وجہ سے دلایا نہ جا سکا۔ سائل نے بتایا کہ عدالت عالیہ کی جانب سے بھی اس کے حق میں فیصلہ دیا گیا ہے جس پر ڈپٹی کمشنر نے فوری قبضہ دلانے کے احکامات جاری کئے۔