کھجور کو جدید ٹیکنالوجی کےاستعمال سے 10 سال کیلئے بھی ذخیرہ کیاجاسکتاہے، ماہرین زراعت

160

فیصل آباد۔ 19 اگست (اے پی پی):ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت (توسیع) چوہدری خالد محمود نے کہاہے کہ کھجور کو جدید ٹیکنالوجی کےاستعمال سے 10 سال تک کیلئے بھی ذخیرہ کیاجاسکتاہے۔

انہوں نے اے پی پی کو بتایاکہ کھجور موسم گرما میں پک کر تیار ہوتی ہے اور جوں جوں گرمی کی شدت میں اضافہ ہوتاہے توں توں کھجور جلد سے جلد پک کر تیار ہونا شروع ہوجاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کھجور ایک ایسا انمول تحفہ ہے جسے خشک کرکے بھی کئی سالوں کیلئے ذخیرہ کیاجاسکتاہے۔

انہوں نے بتایاکہ کھجور کی افادیت اپنی جگہ جبکہ کھجور کے درخت بھی بہت اہم خواص کے حامل ہوتے ہیں۔ انہوں نے بتایاکہ کھجور کے تنے میں گھاؤ لگایاجائے تو اس سے انتہائی لذیز اور خوشبودار مواد برآمد ہوتاہے۔ انہوں نے بتایاکہ اسے عموماً اس وقت پیا جاتاہے جب اسے نکالاجائے۔

انہوں نے کہاکہ اگر تنے سے نکلے ہوئے مواد کو ایک دن کیلئے رکھ دیاجائے تواگلے روز لذیز اور خوشبودار مواد نشہ آور مشروب کی صورت اختیار کر لیتاہے۔ انہوں نے کہاکہ کھجور کے پیڑ سے نکلنے والے گوند کو بیرونی چوٹوں کیلئے استعمال کیاجاتا ہے جبکہ گھٹنے پر بیرونی چوٹ کیلئے استعمال کی صورت میں بھی زبردست افاقہ حاصل ہوسکتاہے۔