گیانا۔28ستمبر (اے پی پی):بارباڈوس رائلز کی ٹیم کیریبین پریمیئر لیگ کے کوالیفائر ون میچ میں گیانا ایمیزون واریئرز کو 87رنز سے شکست دے کر فائنل میں پہنچ گئی ۔گیانا ایمیزون واریئرز کی ٹیم 196 کا مطلوبہ ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی۔ رحکیم کارن وال نے 91 اور اعظم خان نے 52 رنز کی دلکش اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔
رحکیم کارن وال کو عمدہ بیٹنگ پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ پروویڈنس سٹیڈیم، گیانامیں کھیلے گئے لیگ کے کوالیفائر ون میچ میں بارباڈوس رائلز کی ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 ویں اوور میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 195 رنز بنائے اور اس نے گیانا ایمیزون واریئرز کی ٹیم کو میچ میں کامیابی کے لئے 196 رنز کا ہدف دیا۔
رحکیم کارن وال نے 91 رنز کی دھواں دار اننگز کھیلی جس میں 11 فلک شگاف چھکے اور 2 چوکے شامل تھے۔ اعظم خان 52 رنز کے ساتھ دوسرے نمایاں بلے باز رہے۔گیانا ایمیزون واریئرز کے روماریو شیفرڈ نے دو کھلاڑیوں کو آئو ٹ کیا۔ جواب میں بارباڈوس رائلز کے بائولرز کی عمدہ بائولنگ کے باعث گیانا ایمیزون واریئرز کی ٹیم 196 رنز کا مطلوبہ ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور پوری ٹیم 17.4 اوورز میں 108 رنزبناکر آئوٹ ہوگئی۔ اس کے 6 کھلاڑی ڈبل ڈیجٹ بھی عبور نہ کر سکے۔
کپتان شمرون ہیٹمائر 37 رنز بناسکے۔ بارباڈوس رائلز کے ریمن سیمنڈز نے تین جبکہ رحکیم کارن وال اور مجیب الرحمن نے دو، دو کھلاڑیوکو آئوٹ کیا۔ یوں بارباڈوس رائلز نے گیانا کو 87 رنز سے شکست دےکر فائنل کےلئے کوالیفائی کرلیا۔ رحکیم کارنوال کو عمدہ آل رائونڈ کارکردگی پر مرد میدان قرار پائے۔