کیسپر رڈسے اور الیگزینڈر زویروف فرنچ اوپن ٹینس مینز سنگلز سیمی فائنل میں پہنچ گئے

107

پیرس۔8جون (اے پی پی):ناروے کے ٹینس کھلاڑی اور میگا ایونٹ کے فورتھ سیڈڈ کیسپر رڈ اور جرمنی کے الیگزینڈر زویروف فرنچ اوپن ٹینس میں اپنی فتوحات کو برقرار رکھتے ہوئے مینز سنگلز مقابلوں کے سیمی فائنل میں پہنچ گئے ۔مردوں کے سنگلز مقابلوں کے کوارٹر فائنل میچ میں نارویجن کھلاڑی کیسپر رڈ نے ڈینش حریف کھلاڑی ہولگر رونے کو شکست دے کر جبکہ جرمن الیگزینڈر زویروف نے حریف ارجنٹائن کے ٹامس مارٹن ایچیوری کو ہرا کر ٹاپ فور میں جگہ پکی کی۔

ہسپانوی رافیل نڈال نے گزشتہ سال کے فرنچ اوپن ٹینس میں مینز سنگلز فائنل میں نارویجن کھلاڑی کیسپر رڈ کو شکست دی تھی۔سال کے دوسرے گرینڈ سلام فرنچ اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کے دلچسپ اور کانٹے دار مقابلوں کا سلسلہ فرانس کے دارالحکومت پیرس میں جاری ہیں۔ مینز سنگلز مقابلوں کے کوارٹر فائنل رائونڈ میں ناروے کے کیسپر رڈ نے عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے حریف ڈنمارک کے ہولگر رونے کو 1-6، 2-6، 6-3 اور 3-6 سے شکست دیکر میگا ایونٹ کے سیمی فائنل کے لئے کوالیفائی کرلیا۔

میگا ایونٹ کے چوتھے کوارٹر فائنل میچ میں جرمن ٹینس سٹار الیگزینڈر زویروف نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے حریف ارجنٹائن کے ٹامس مارٹن ایچیوری کو 4-6، 6-3، 3-6 اور 4-6سے شکست دیکر سیمی فائنل کے لئے کوالیفائی کیا۔میگا ایونٹ کے سیمی فائنل میچ میں ناروے کے کیسپر رڈکا مقابلہ جرمنی کے الیگزینڈر زویروف سے ہوگا۔