کیسکو کازرعی ٹیوب ویل کنکشنز کے شمسی توانائی پرمنتقلی کے منصوبہ کے تیسرے فیزپر کام جاری

99
Quetta_Electric_Supply_Company_logo
Quetta Electric Supply Company

کوئٹہ۔ 18 اپریل (اے پی پی):کوئٹہ الیکٹرک سپلائی کمپنی(کیسکو)کی جانب سے صوبہ کے اُن تمام زرعی صارفین کے برقی کنکشنز اور ٹرانسفارمرزاُتارنے کا عمل جاری ہے جو شمسی توانائی پر منتقلی کے منصوبے میں شامل ہیں۔ترجمان کوئٹہ الیکٹرک سپلائی کمپنی کیسکو نے اپنے جاری کردہ پریس ریلیز میں کہا ہے کہ اس منصوبہ کے پہلے اوردوسرے فیز کی تکمیل کے بعداب اس منصوبہ کے تیسرے فیز پر کام شروع کردیاگیاہے۔تیسرے فیز میں کیسکوکے تمام آپریشن سرکلزکے علاقے شامل ہیں جن میں سینٹرل سر کل (کوئٹہ سمیت،لورالائی،خضدار،سبی،پشین اورمکران کے علاقوں میں تقریباً7ہزار زرعی ٹیوب ویل کنکشنز موجودہیں جنہیں حکومت کی جانب سے سولرائزیشن کی مدمیں 14ارب روپے کی رقم بھی جاری کئے جاچکے ہیں۔

کیسکوٹیموں نے تیسرے مرحلے کے تحت اب تک 4938زرعی کنکشنزمنقطع کردئیے ہیں۔اس کے علاوہ141 ٹیوب ویل کنکشنزکے ٹرانسفارمرزجبکہ 100ایچ ٹی کھمبے سمیت اُن سے منسلک دیگربرقی آلات بھی اُتاردئیے ہیں تاکہ یہ زرعی کنکشنز دوبارہ کیسکونیٹ ورک سے منسلک نہ ہوسکیں۔واضح رہے کہ وفاقی و صوبائی حکومت کی جانب سے صوبہ بلوچستان کے تمام زرعی ٹیوب ویل کنکشنزکو شمسی توانائی پرمنتقل کئے جارہے ہیں اور اس منصوبہ کے فیز ون اور فیز ٹو کی تکمیل کے بعد اب تیسرے فیز پر کام جاری ہے۔ لہٰذاکیسکونے اپیل کی ہے کہ ایسے تمام زرعی صارفین جن کو حکومت کی جانب سے سولرائزیشن کی مدمیں رقم دئیے جاچکے ہیں وہ کیسکوٹیموں سے تعاون کرتے ہوئے زرعی کنکشنز سے منسلک ٹرانسفارمرزاور اُن سے منسلک دیگر برقی آلات کیسکوٹیموں کو واپس کردیں۔