کینیڈا میں مسلم خاندان پر دہشت گردانہ حملے کی مذمت کرتے ہیں، ایسے واقعات دین اسلام سے ناواقفیت کا شاخسانہ ہیں، حافظ طاہر محمود اشرفی

91
کینیڈا میں مسلم خاندان پر دہشت گردانہ حملے کی مذمت کرتے ہیں، ایسے واقعات دین اسلام سے ناواقفیت کا شاخسانہ ہیں، حافظ طاہر محمود اشرفی

اسلام آباد۔8جون (اے پی پی):وزیراعظم کے نمائندہ خصوصی برائے مذہبی ہم آہنگی و مشرق وسطیٰ اور چیئرمین پاکستان علما کونسل حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کینیڈا میں مسلم خاندان پر دہشت گردانہ حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسے واقعات کھلی دہشت گردی اور دین اسلام سے ناواقفیت کا شاخسانہ ہیں، غم کی اس گھڑی میں متاثرہ خاندان کے ساتھ اظہار یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں۔

ٹویٹر پر جاری بیان میں حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ بدقسمتی سے مغرب اسلامو فوبیا کا شکار ہو چکا ہے جس کی وجہ سے ایسے واقعات رونما ہو رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عالمی برادری کو اسلامو فوبیا کا مقابلہ کرنے کے لئے متحد ہونے کی ضرورت ہے تب ہی دنیا میں اسلام کا حقیقی چہرہ سامنے لانے میں مدد ملے گی، دنیا کو بتانے کی ضرورت ہے کہ اسلام امن کا دین ہے اور اسلام کا دہشت گردی یا شدت پسندی سے کوئی تعلق نہیں ہے۔

حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے ہمیشہ اسلامو فوبیا کے خاتمے کی بات کی ہے۔ وزیراعظم نے عالمی برادری کو اسلامو فوبیا کے مسئلے سے نمٹنے کے لیے ہمیشہ تعاون کی پیشکش کی ہے۔

حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ کینیڈا کی متاثرہ مسلم فیملی کے ساتھ مکمل ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں اور امید کرتے ہیں کہ حکومت کینیڈا متاثرہ فیملی کو انصاف کی فراہمی یقینی بنائے گی۔ انہوں نے اس توقع کا بھی اظہار کیا ہے کہ حکومت کینیڈا آئندہ ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے ٹھوس اقدامات کرے گی۔