اسلام آباد ۔ 28 جولائی (اے پی پی) پاکستان میں کینیڈا کے قائم مقام ہائی کمشنر سٹاورٹ سیوج نے تجارت اور کمرشل قونصلر ایلیسن سٹیورڈ کے ہمراہ وفاقی وزیر برائے قانون، انصاف اور موسمیاتی تبدیلی زاہد حامد سے ملاقات کی۔ وفاقی وزیر نے وفد کو بتایا کہ پاکستان نے سی او پی 22 کیلئے تحقیقاتی بنیاد پر ایک تفصیلی آئی این ڈی سیز تیار کیا ہے اور اس مقصد کیلئے ماہرین کی ایک ٹیم تشکیل دی گئی ہے۔ پاکستان میں تمام وزراءاعلیٰ اور موسمیاتی تبدیلی اتھارٹی پر مشتمل ایک موسمیاتی تبدیلی کی کونسل قائم کی گئی ہے جو موسمیاتی تبدیلیوں کے مسائل پر غور کرے گی۔ پاکستان میں وفاقی اور صوبائی انوائرمینٹل پروٹیکشن ایجنسی بھی موجود ہے جو مالیاتی مسائل کو حل کرتی ہے۔