کرائسٹ چرچ ۔27نومبر (اے پی پی):انگلینڈ کی کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز بلے باز جوروٹ نے کہا ہے کہ میزبان نیوزی لینڈ ٹیم کو پہلے ٹیسٹ میچ میں شکست دیکر تین میچوں کی سیریز کا آغاز فاتحانہ انداز میں کریں گے۔
33 سالہ جوروٹ نے کہا کہ نیوزی لینڈ کے خلاف تین میچوں کی ٹیسٹ سیریز کے لئے ان کی ٹیم بھرپور تیاریوں میں مصرف ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کیوی ٹیم کا شمار دنیائے کرکٹ کی بہترین ٹیموں میں ہوتا ہے اور اس کو شکست دینا آسان نہیں ہے تاہم ان کی ٹیم نے ابتدائی میچ سے قبل بھرپور تیاری کر رکھی ہے ۔
انہوں نے کہا کہ ان کی ٹیم میں ایسے کھلاڑی موجود ہیں جو کسی بھی وقت میچ کا پانسہ پلٹنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ وہ کیویز کے خلاف تین میچوں کی سیریز کے ابتدائی ٹیسٹ میچ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کریں گے۔
جوروٹ نے کہا کہ وہ مکمل طور پر فٹ ہیں اور میزبان ٹیم کے خلاف تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں شرکت کے لئے بے تاب ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ نیوزی لینڈ ٹیم کو ابتدائی میچ میں شکست دیکر تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا آغاز فاتحانہ انداز میں کریں گے ۔ انہوں نے اپنی ٹیم کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ نیوزی لینڈ ٹیم کے خلاف سیریز میں کامیابی کے لئے ٹیم کو تینوں شعبوں میں سو فیصد کارکردگی کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔واضح رہے کہ نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کی ٹیموں کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ کل جمعرات سے کرائسٹ چرچ میں شروع ہوگا۔