گال ٹیسٹ میچ،پاکستان نے سری لنکا کو 4وکٹوں سے شکست دے دی،عبداللہ شفیق کی شاندار سنچری

70

گال ۔20جولائی (اے پی پی):مایہ ناز اوپننگ بلے باز عبداللہ شفیق کی شاندار ناقابل شکست سنچری اور کیریئر بیسٹ اننگز کی بدولت پاکستان نے سری لنکا کو گال ٹیسٹ میں 4 وکٹوں سے شکست دےکر دو میچوں کی سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کرلی۔

عبداللہ شفیق نے نہ صرف شاندار سنچری سکور کی بلکہ کیریئر بیسٹ اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کی تاریخی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔ پاکستان نے میچ کے چوتھے روز میزبان ٹیم کی طرف سے ملنے والا 342 رنز کا ہدف پانچویں اور آخری روز 6 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ عبداللہ شفیق دوسری اننگز میں ناقابل شکست 160 کپتان بابر اعظم55اور محمد رضوان 40 رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے۔

محمد نواز 19 رنز کے ساتھ ناٹ آئوٹ رہے۔ عبداللہ شفیق کو شاندار بیٹنگ پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ آئی لینڈرز ٹیم کے پربت جے سوریا نے میچ میں عمدہ بائولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 9 کھلاڑیوں کوا ٓئوٹ کیا ، تاہم وہ اپنی ٹیم کو فتح نہ دلاسکے، میچ کا پانچواں اور آخری روز بارش سے متاثر ہوا۔

بدھ کو گال ٹیسٹ کے پانچویں اور آخری روز پاکستان کو میچ میں کامیابی کے لئے 120 رنز جبکہ آئی لینڈرز کو 7 وکٹوں کی ضرورت تھی۔ پاکستان نے اپنی دوسری ادھوری اننگز 222 رنز 3 وکٹوں کے نقصان پر دوبارہ شروع کی تو عبداللہ شفیق 112 اور وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان 7 رنز پر کھیل رہے تھے۔

محمد رضوان اپنے گزشتہ روز کے انفرادی سکور میں 33 رنز کا اضافہ کرنے کے بعد 40 رنز بناکر پربت جے سوریا کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آئوٹ ہوگئے۔آغا سلمان پاکستان کے پانچویں آئوٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو 12 رنز بنانے کے بعد پربت جے سوریا کی گیند پر وکٹ کیپر ڈکویلا کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوگئے۔

حسن علی 5 رنز بناکر ڈی سلوا کی گیندپر تھیکشاناکے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوگئے۔ پاکستان ٹیم کو میچ میں کامیابی کے لئے 11 رنز درکار تھے کے بارش کا سلسلہ شروع ہوگیا ،پاکستان ٹیم اس وقت 6 وکٹوں کے نقصان پر 331 رنز بناکر مستحکم پوزیشن میں تھی اور اس کو میچ میں کامیابی کے لئے محض 11 رنز درکار تھے ،تاہم اس وقت بارش کے باعث آئوٹ گرائونڈ فیلڈ گیلی ہونے کے باعث میچ روک دیا گیا۔اس موقع پر عبداللہ شفیق 154 اور محمد نواز 12 رنز کے ساتھ ناٹ آئوٹ تھے۔

میچ ددبارہ شروع ہوا تو پاکستان ٹیم نے بقیہ 11 رنز بناکر آئی لینڈرز کو میچ میں 4 وکٹوں سے شکست دےدی۔پاکستان کی طرف سے ہدف کے تعاقب میں عبداللّٰہ شفیق نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا، انہوں نے 160 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، جس میں 7 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا جبکہ محمد نواز 19 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔سری لنکا کے سپنر پربت جے سوریا نے دوسری اننگز میں 4 جبکہ رمیش مینڈس اور دھننجایا ڈی سلوا نے ایک ایک وکٹ حاصل کی ہے۔