گاڑی میں دوران چیکنگ دھماکہ ہوا جس کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار شہید جبکہ 6 زخمی ہوگئے، رانا ثناءاللہ خان

93
وفاقی وزیر داخلہ کی ضلع باجوڑ میں جمعیت علمائے اسلام کے کنونشن میں دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت
وفاقی وزیر داخلہ کی ضلع باجوڑ میں جمعیت علمائے اسلام کے کنونشن میں دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت

اسلام آباد۔23دسمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ خان نے کہا ہے کہ بارود سے بھری گاڑی میں دوران چیکنگ دھماکہ ہوا جس کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار شہید جبکہ 6 زخمی ہوگئے، بارود سے بھری گاڑی اسلام آباد میں ہائی ‘ویلیو ٹارگٹ’ کو نشانہ بنانے کے لئے روانہ کی گئی تھی،اسلام آباد پولیس کے اہلکار نے جان کی قربانی دیکر دہشت گردی کی بڑی کارروائی کو ناکام بنایا۔

جمعہ کو اپنے بیان میں وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ خان نے کہا کہ آج صبح بارود سے بھری گاڑی راولپنڈی سے اسلام آباد میں داخل ہوئی جس میں ایک مرد اور خاتون دہشت گرد سوار تھے۔بارود سے بھری یہ گاڑی آئی جے پرنسپل روڈ راولپنڈی سے سیکٹر آئی ٹین ، اسلام آباد میں داخل ہوئی ۔ایگل اسکواڈ نے دوران گشت مشکوک سمجھتے ہوئے اس گاڑی کو روکا،اسی دوران گاڑی میں دھماکہ ہو گیا جس میں ایک پولیس اہلکار شہید اور 6 زخمی ہوگئے۔

وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ خان نے کہا کہ پولیس کی فرض شناسی سے اسلام آباد بڑے حادثے سے محفوظ رہا،فرض شناسی پر اسلام آباد پولیس کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ انہوں نے کہاکہ شہید عدیل حسین کو شہداء پیکج دیا جائے گا۔وزیر داخلہ کا شہید کے اہل خانہ سے ہمدردی کا اظہار کیااور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔ انہوں نے کہا کہ زخمیوں کو بہترین طبی امداد دی جا رہی ہے۔