گاڑیوں کی چھتوں پر سفر کرنے پر پابندی عائد، ڈی سی مری آغا ظہیر عباس شیرازی نے ٹریفک پولیس کو ہدایات جاری کردیں

23

راولپنڈی۔ 10 جون (اے پی پی):ملکہ کوہسار مری میں گاڑیوں کی چھتوں پر سفر کرنے پر پابندی عائد کر دی گئی۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات کی روشنی میں گاڑیوں کی چھتوں پر سفر کرنے پر پابندی عائد کر دی گئی۔ اس حوالے سے ڈپٹی کمشنر مری آغا ظہیر عباس شیرازی نے ٹریفک پولیس اور ضلعی و تحصیل انتظامیہ کو ہدایات جاری کی ہیں کہ گاڑیوں کی چھتوں پر سفر کرنے کی اجازت دینے والوں خلاف کاروائی عمل میں لائی جائے۔

انہوں نے اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایت کی کہ وہ اس عمل کی براہ راست نگرانی کریں۔ ٹریفک پولیس کو بھی ہدایت کی گئی ہے کہ وہ گاڑیوں کی چھتوں پر سفر کرنے پر پابندی یقینی بنائیں۔ اس حوالے سے ڈی سی مری آغا ظہیر عباس شیرازی کا کہنا ہے کہ محفوظ سفر اور حادثات سے بچاؤ کے لیے گاڑیوں کی چھتوں پر سفر کرنے پر پابندی عائد کی گئی ہے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات کی روشنی میں مسافروں کو ٹریفک حادثات سے بچانے کے لیے یہ اقدام یقینی بنایا جائے گا۔