گرانفروشوں اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف بلاتفریق کارروائیاں کی جائیں، اے ڈی سی جی

80

ساہیوال۔ 04 مئی (اے پی پی):ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل نیاز احمد مغل نے منٹگمری ہال میں ضلع بھر کے سپیشل پرائس مجسٹریٹس کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ اجلاس منعقد کیا۔ اجلاس میں دونوں تحصیلوں سے تعلق رکھنے والے سپیشل پرائس مجسٹریٹس نے شرکت کی۔اجلاس کا مقصد اشیائے ضروریہ کی مقررہ نرخوں پر دستیابی ، بازاروں کی نگرانی اور گرانفروشی کے خلاف اٹھائے گئے اقدامات کا جائزہ لینا تھا۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل نیاز احمد مغل نے کہا کہ حکومت پنجاب کی ہدایات کے مطابق گرانفروشوں اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف بلاتفریق کارروائیاں کی جائیں اور روزانہ کی بنیاد پر رپورٹنگ کو یقینی بنایا جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ عوام کو ریلیف فراہم کرنا انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کے لیے ضلعی سطح پر ہر ممکن اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔اجلاس میں بتایا گیا کہ گزشتہ ہفتے کے دوران ضلع بھر میں 48ہزار سے زائد انسپکشنز کی گئیں جس دوران اوورچارجنگ میں ملوث دکانداروں کو 3 لاکھ 37 ہزار روپے جرمانہ23 دکانوں کو سیل جبکہ 150 افراد کو گرفتار کروایا گیا ۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل نیاز احمد مغل نے متعلقہ افسران پر زور دیا کہ وہ عوامی شکایات کے فوری ازالے، شفاف نگرانی، اور منافع خور مافیا کے خلاف کارروائی کو ترجیحی بنیادوں پر یقینی بنائیں تاکہ عام شہریوں کو روزمرہ کی اشیاء مقررہ نرخوں پر با آسانی دستیاب ہو سکیں۔