میلبورن۔21دسمبر (اے پی پی):آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز آل رائونڈرمچل مارش نے کہا ہے کہ مہمان ٹیم گرین شرٹس کو باکسنگ ڈے ٹیسٹ میچ میں بھی شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں 0-2 کی فیصلہ کن برتری حاصل کریں گے ۔ 32 سالہ آل رائونڈر نے کہا کہ پاکستان ٹیم کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں کامیابی کے لئے ٹیم نے بھرپور تیاری کر رکھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلاشبہ پاکستان ٹیم کو شکست دینا آسان نہیں ہے تاہم ان کی ٹیم نے تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے دوسرے میچ سے قبل بھرپور تیاری کی ہے ۔
انہوں نے کہا کہ ان کی ٹیم میں ایسے کھلاڑی موجود ہیں جو کسی بھی وقت میچ کا پانسہ پلٹنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ اپنی عمدہ کارکردگی کی بدولت پاکستان کے خلاف پرتھ ٹیسٹ میں مین آف دی میچ کا اعزاز پانے والے مایہ ناز کینگروز آل رائونڈر نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ وہ پاکستان ٹیم کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ میں بھی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کریں گے۔
مچل مارش نے کہا کہ وہ مکمل طور پر فٹ اور بھرپور فارم میں ہیں اور مہمان ٹیم کے خلاف تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے دوسرے میچ میں شرکت کے لئے بے تاب ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ گرین شرٹس کو دوسرے میچ میں بھی شکست دیکر تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں 0-2 کی فیصلہ کن برتری قائم کریں گے
۔ انہوں نے اپنی ٹیم کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ٹیم کے خلاف سیریز میں کامیابی کے لئے ٹیم کو تینوں شعبوں میں سو فیصد کارکردگی کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔واضح رہے کہ آسٹریلیا اور پاکستان کی ٹیموں کے درمیان تین میچوں کی سیریز کا دوسرا باکسنگ ڈے ٹیسٹ میچ 26 دسمبر سے ایم سی بی ، میلبورن میں شروع ہوگا۔