گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 398 افراد کو بجلی چوری میں پکڑا گیا ،ترجمان

103
LESCO

لاہور۔27مارچ (اے پی پی):لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی میں بجلی چوروں کے خلاف آپریشن کامیابی کے ساتھ جاری ہے۔ترجمان لیسکو کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ریجن بھر میں 398 افراد کو بجلی چوری میں پکڑا گیا ، جن میں سے175کے خلاف مقدمات درج ہوچکے ہیں۔ پکڑے جانے والے کنکشنز میں 11 کمرشل،3زرعی اور384ڈومیسٹک تھے۔

تمام کنکشنز منقطع کرکے ان کو2لاکھ60 ہزار3سو91 یونٹس ڈٹیکشن بل کی مد میں چارج کئے گئے ہیں جن کی مالیت73لاکھ13 ہزار17 روپے ہے۔ بجلی چوروں کیخلاف کئے جانے والے آپریشن میں بڑے کمرشل صارفین بھی بجلی چوری میں ملوث پائے گئے۔ ان تمام کے کنکشنز بھی منقطع کئے گئے اوران کو ڈٹیکشن یونٹس چارج کئے گئے۔اکبری گیٹ کے علاقے میں کنکشن کو2لاکھ52ہزار روپے،

باٹا پور کے علاقے میں کنکشن کو2لاکھ روپے،شفیق آبادکے ہی علاقے میں ایک ملزم کو1لاکھ 50ہزارروپے اورکنگن پور کے علاقے میں ایک ملزم کو1 لاکھ 47روپے کی رقم چارج کی گئی ہے۔

انسداد بجلی چوری مہم کو191مکمل ہوگئے ہیں، اس دوران کل67 ہزار7سو29 ملزمان بجلی چوری میں ملوث پائے گئے،65ہزار7سو76 ملزمان کیخلاف مقدمات درج کروا کر20ہزار110 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔ بجلی چوروں کو اب تک 8 کروڑ48 لاکھ14 ہزار 3 سو 25یونٹس چارج کئے گئے ہیں جن کی مالیت 3ارب21 کروڑ23 لاکھ37 ہزار6سو34 روپے ہے۔

لیسکو چیف کا کہنا ہے کہ بجلی چوری کے مکمل خاتمے تک بلا تفریق گرینڈ آپریشن جاری رہے گا۔ آپریشن کے دوران بجلی چوروں کے ساتھ ساتھ ان کی سرپرستی کرنیوالے لیسکو افسران و ملازمین کو بھی قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔