گزشتہ تین سالوں میں وزارت آئی ٹی کی جانب سے 17 نئے منصوبے شروع کیے گئے۔وفاقی وزیر سید امین الحق

107

کراچی۔10مارچ (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و کمیونیکیشن سید امین الحق نے کہا ہے کہ گزشتہ تین سالوں کے دوران وزارت آئی ٹی نے 17 نئے منصوبے شروع کیے ہیں جن کی لاگت 65 ارب روپے ہے،آئی ٹی کی وزارت خاص طور پر دیہی اور دور دراز کے علاقوں میں رابطے کی بہتری پر کام کر رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار جمعہ کو یہاں نیشنل یونیورسٹی آف کمپیوٹر اینڈ ایمرجنگ سائنسز (فاسٹ) کے زیر اہتمام دو روزہ انٹر یونیورسٹی ٹیکنالوجی مقابلے و روزگار نمائش کی اختتامی تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی اپنے خطاب میں کیا۔

وفاقی وزیر امین الحق نے کہا کہ ان کی وزارت "سمارٹ فون سب کے لیے” کے نعرے پر کام کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ مالی سال 2019-2020 میں آئی ٹی کی ایکسپورٹس ایک بلین امریکی ڈالر تھیں جو رواں مالی سال میں بڑھ کر 2.6 بلین امریکی ڈالر تک پہنچ گئی ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس وقت ملک میں 28 موبائل مینوفیکچرنگ کمپنیاں کام کر رہی ہیں۔سید امین الحق نے کہا کہ وزارت آئی ٹی میں ہر فیصلہ بدعنوانی کے لیے زیرو ٹالرنس کی پالیسی کے ساتھ میرٹ پر کیا جا رہا ہے، وفاقی وزارت آئی ٹی کی جانب سے 44 وزارتوں میں ڈیجیٹلائزیشن متعارف کرائی گئی، کابینہ کو بھی ڈیجیٹلائز کیا گیا اور اگلا ہدف پارلیمنٹ کو ڈیجیٹل کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ خواتین کو بااختیار بنائے بغیر کوئی معاشرہ ترقی نہیں کر سکتا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ آئندہ چند سالوں میں آئی ٹی کے شعبے میں بھی خواتین کی شرکت بڑھے گی۔اس موقع پر وائس چانسلر اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور انجینئر پروفیسر ڈاکٹر اطہر محبوب نے بھی خطاب کیا۔