اسلام آباد ۔ 04 جولائی (اے پی پی)گزشتہ مالی سال کے دوران پاکستان اورافغانستان کے درمیان دوطرفہ تجارت میں پیوستہ سال کے مقابلے میں معمولی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ سٹیٹ بنک آف پاکستان کے جاری کردہ اعدادوشمارکے مطابق گزشتہ مالی سال کے ابتدائی 11 ماہ میں افغانستان کو پاکستانی برآمدات سے ملک کو1.098 ارب ڈالر کا زرمبادلہ حاصل ہوا جو پیوستہ سال کے اسی عرصہ کے مقابلے میں4.97 فیصد کم ہے، مالی سال 2017-18 ءکے 11 ماہ میں افغانستان کوبرآمدات سے 1.42 ارب ڈالرکا زرمبادلہ حاصل ہواتھا۔ مئی 2019 ءمیں افغانستان کو برآمدات سے ملک کو115.79 ملین ڈالر کازرمبادلہ حاصل ہوا۔مئی 2018 ءمیں افغانستان کو برآمدات سے ملک کو119.68 ملین ڈالر کازرمبادلہ حاصل ہواتھا۔سٹیٹ بنک کے مطابق گزشتہ مالی سال کے ابتدائی 11 ماہ میں افغانستان سے درآمدات پرپاکستان نے 163.13 ملین ڈالر کا زرمبادلہ صرف کیا، مالی سال 2017-18 ءکے پہلے گیارہ ماہ میں افغانستان سے درآمدات پر پاکستان نے 135.87 ملین ڈالر کازرمبادلہ صرف کیا تھا۔