فیصل آباد۔ 19 فروری (اے پی پی):جامعہ زرعیہ کے فلوریکلچراینڈ ہارٹیکلچر ریسرچ کے ماہرین گلبانی و چمن آرائی نے سدا بہار پھولوں کو مزید خوبصورت بنانے کیلئے تحقیق کا آغاز کردیا ہے اور ابتدائی طور پر گل چین کے پودو ں میں مختلف رنگوں کے پھول تیارکرنے کیلئے ڈرافٹنگ کے کامیاب تجربات کرکے مذکورہ پودے کے سفید و پیلے پھولوں کے ساتھ ساتھ سرخ اور نیلے رنگ کے پھولوں کے حامل پودے بھی تیار کر لئے ہیں جو انتہائی دلکشی اور خوبصورتی کے حامل ہیں نیز گلاب کے مختلف رنگوں کے پھولوں کی طرح دیگر پھولوں کے اضافی رنگوں کے پودے تیار کرنے کیلئے بھی اقدامات کا آغاز کر دیا گیاہے۔
جامعہ زرعیہ کے فلوریکلچروہارٹیکلچرماہرین نے اے پی پی کو بتایاکہ قبل ازیں تھائی لینڈ، ہا لینڈ، جرمنی اور دیگر ممالک میں اس قسم کے کامیاب تجربات کئے گئے ہیں جن سے استفادہ کرتے ہوئے وطن عزیز میں بھی ریسرچ کا آغاز کر دیا گیاہے جو کامیابی سے ہمکنار ہو رہی ہے۔ انہوں نے بتایاکہ ان خوبصورت اور رنگا رنگ پھولوں کے پودوں کی تیاری سے ہارٹیکلچر کے فروغ میں بھی مدد ملے گی۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=563175