گلگت بلتستان کو سیاحت کا مرکز بنانے کے لئے تمام تر کوششوں کو یقینی بنایا جارہا ہے ، علی امین گنڈاپور

58

اسلام آباد۔28اپریل (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے کشمیر و گلگت بلتستان امور علی امین خان گنڈا پور نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان کو سیاحت کا ایک مرکز بنانے کے لئے تمام تر کوششوں کو یقینی بنایا جارہا ہے۔بدھ کو یہاں جاری پریس ریلیز کے مطابق انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی حکومت نے وزیر اعظم عمران خان کے وژن کے مطابق ملک میں سیاحت کے فروغ کے لئےاس شعبے پر بھرپور توجہ دی ہے۔

جی بی کے وفد سے ملاقات میں وفاقی وزیر نے کہا کہ گلگت بلتستان قدرتی خوبصورتی سے مالا مال ہے اور پوری دنیا کے سیاحوں کے لئے ایک پرکشش منزل ہے۔انہوں نے بتایا کہ سیاحتی مقامات کو سیاحوں کے لئے قابل رسائی بنانے کے لئے خطے میں سیاحت کے بنیادی ڈھانچے کو بہتر بنایا جارہا ہے۔ گنڈا پور نے کہا کہ سیاحت کی ترقی سے نہ صرف علاقے کے لوگوں کا معیار زندگی بلند ہوگا بلکہ انہیں روزگار کے بھی کافی مواقع میسر آئیں گے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ خطے میں ماحولیات اور جنگلی حیات کے تحفظ کے لئے گلگت بلتستان میں قومی پارکوں کی تعداد میں اضافہ کیا گیا ہے۔