ایبٹ آباد۔ 21 اپریل (اے پی پی):گلیات کی نامور سیاسی وسماجی شخصیت سردار گلز مان (مرحوم) کی28 ویں برسی (آج)عقیدت و احترام سے منائی جائے گی۔مرحوم کا شمار پاکستان کے سینیئر سیاستدانوں میں ہوتا ہے۔بحیثیت شخصیت ایک انتہائی ملنسار شریف النفس مہمان نواز اور اعلی اوصاف واقدار کے مالک تھے۔ان سب خوبیوں کے ساتھ ان کی قائدانہ صلاحیتوں کے بھی سبھی لوگ معترف تھے۔ان کی شخصیت نے عوام کو اتنا متاثر کیا کہ ان کو سیاست کے میدان میں آنے کے لئے عوام نے بھرپور اصرار کیا۔علاقہ میں عوام کے بھرپور اصرار پر انہوں نے 1959 میں اپنی سیاست کا آغاز کیا اور چیئرمین یونین کونسل نگری بالا منتخب ہوئے۔اس ابتدائی دور میں انہوں نے اپنی بہترین قائدانہ صلاحیتوں کا عملی مظاہرہ کرکے اپنی یونین کونسل کی بنیادی ضروریات کے لئے خلوص نیت سے کوششں کی۔
عوام میں ہر دلعزیز ہونے کی وجہ سے 1965کے عام انتخابات میں حصہ لینے کا موقع ملا تو بھاری اکثریت سے مغربی پاکستان اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے۔ مرحوم نے 1970 کے عام انتخابات میں حصہ لیا اور دوبارہ بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کی ۔اسی دور میں وہ وزیر برائے دیہی ترقی کے عہدے پر فائز ہوئے۔انہی خوبیوں کی وجہ سے عوام کے اصرار پر انہوں نے 1977کے الیکشن میں حصہ لیا تو دوبارہ کامیاب ہو گئے اور مرحوم کا سیاسی سفر چلتا رہا ۔1988کے انتخابات میں حصہ لیا اور بھاری اکثریت سے کامیاب ہوئے اور صوبہ سرحد اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے۔ان کو ضلع ایبٹ آباد کا ڈیڈک چیئرمین تعینات کیا گیا ۔مرحوم اپنی خرابی صحت اور علاقائی سیاسی ماحول میں تبدیلی کی وجہ سے سیاست سے باہر رہے لیکن بے شمار چاہنے والے ان کو آج بھی سنہرے حروف میں یاد کرتے ہیں۔
سردار گل زمان مرحوم کو صرف علاقائی مسائل کی فکر نہ تھی بلکہ علاقہ گلیات کے تمام قبائل کے درمیان سیاسی وسماجی ہم آہنگی رواداری اور اتحاد اتفاق قائم کرنے کے لئے ہر دم کوشاں رہتے اور یہی وجہ تھی کہ علاقے کی تمام برادریوں میں وہ یکساں مقبول تھےاور یوں اس سیاسی وسماجی شخصیت کا سفر 22 اپریل 1997 کو اختتام پذیر ہوا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=585279