22.1 C
Islamabad
پیر, اپریل 21, 2025
ہومزرعی خبریںگندم کی پیداوارمیں اضافہ کے قومی منصوبہ کے تحت ٹوبہ کے کاشتکار...

گندم کی پیداوارمیں اضافہ کے قومی منصوبہ کے تحت ٹوبہ کے کاشتکار عبدالحنان نے76.51من فی ایکڑ پیداوارکیساتھ صوبائی سطح پرپہلی پوزیشن حاصل کرلی

- Advertisement -

فیصل آباد۔14جون (اے پی پی):حکومت پنجاب کے گندم کی پیداوار میں اضافہ کے قومی منصوبہ کے تحت منعقدہ پیداواری مقابلہ برائے سال2022-23میں ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ کے کاشتکار عبدالحنان ولد محمد ابراہیم نے76.51من فی ایکڑ پیداوار حاصل کرکے صوبائی سطح پر اول پوزیشن حاصل کی جنہیں حکومت پنجاب کی جانب سے6 لاکھ روپے نقد انعام دیا جائے گا جبکہ ضلع لیہ کے محبوب احمد ولد بشیر احمدنے70.65 من فی ایکڑ پیداوار کے ساتھ دوسری اور اور ضلع خوشاب کے اللہ بخش ولد محمد یارنے69.652من فی ایکڑ پیداوار کے ساتھ سوئم پوزیشن حاصل کی جنہیں بالترتیب5اور4لاکھ روپے نقد انعام دیا جا ئے گا۔اسی طرح کینولہ کے پیداواری مقابلہ برائے سال2022-23میں ضلع جھنگ کے محمد فریدخالد ولدخالد حسین 41.42 من فی ایکڑ پیداوارکے ساتھ اول قرار پا ئے جنہیں 5 لاکھ روپے نقد انعام دیا جائے گا۔

محکمہ زراعت پنجاب کے ترجمان نے بتایا کہ حکومتی ہدایات کی روشنی میں محکمہ زراعت نے سال2022-23کے دوران گندم وکینولہ کے صوبائی و ڈویژنل سطح پر پیداواری مقابلہ جات کا انعقاد کیا جس کیلئے کاشتکاروں سے درخواستیں طلب کی گئی تھیں۔انہوں نے بتایا کہ ان پیداواری مقابلوں کی صوبائی کمیٹی میں چیئرمین سیکرٹری زراعت پنجاب جبکہ دیگر ممبران میں ڈائریکٹر جنرل زراعت(توسیع)،چیف سائنٹسٹ ایوب زرعی تحقیقاتی ادارہ فیصل آباد،ڈائریکٹر جنرل زراعت اصلاح آبپاشی و فیلڈ،ڈائریکٹر کراپ رپورٹنگ سروس اور ڈائریکٹر زرعی اطلاعات پنجاب کے علاوہ گندم و تیلدار اجناس کی پیداوار میں اضافہ کے پراجیکٹ ڈائریکٹرز بھی شامل تھے۔

- Advertisement -

انہوں نے جیتنے والے کاشتکاروں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ فصلوں کے پیداواری مقابلہ سے کاشتکاروں کے مابین صحتمندانہ مسابقت کا جذبہ پیدا ہوتا ہے جس سے کاشتکار زیادہ محنت و تندہی سے کام کرتے ہیں اور پیداواری اہداف کے حصول میں آسانی پیدا ہوتی ہے۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=369082

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں