لاہور۔21اپریل (اے پی پی):محکمہ زراعت پنجاب نے گندم کی کٹائی اور حفاظت سے متعلق سفارشات جاری کر دیں۔ ترجمان محکمہ زراعت پنجاب کے مطابق گندم کی کٹائی، گہائی اور سنبھال سب سے اہم مرحلہ ہوتا ہے۔
گندم کی کٹائی اور گہائی کے دوران بے احتیاطی کرنے سے پیداوار میں 10 تا12فیصد تک نقصانات کا سامنا بھی کرنے کا اندیشہ موجود ہوتا ہے۔ترجمان محکمہ زراعت پنجاب نے کہا کہ کاشتکار گندم کی بروقت سنبھال کیلئے مزدوروں،ریپر،تھریشر،ٹریکٹر ترپال یا پلاسٹک چادر اور کمبائن ہارویسٹر کا انتظام کر لیں۔
اگر فصل کمبائن ہارویسٹر سے برداشت کرنی ہو تو توڑی یا بھوسہ کی سنبھال کیلئے ویٹ سٹرا چاپر کا استعمال بھی کیا جا سکتا ہے۔کاشتکار گندم کی کٹائی سے قبل موسمی پیشنگوئی کے مطابق انتظامات مکمل کریں۔بارش ہونے کی صورت میں کٹائی گہائی روک دیں اور اس وقت تک دوبارہ شروع نہ کریں جب تک موسم ٹھیک نہ ہو جائے اور کٹائی شدہ گندم کو چادر یا ترپال سے فورا ڈھانپ دیں۔
کٹائی کے بعد بھریاں قدرے چھوٹی باندھیں اور سٹوں کا رخ ایک ہی طرف رکھیں۔کھلیان چھوٹے رکھیں اور اونچے کھیتوں میں لگائیں اور ان کے اردگرد کھائی ضرور بنائی جائے۔ جہاں تک ممکن ہو کٹائی ریپر یا کمبائن ہارویسٹر سے کریں۔ گندم کے کاشتکار کٹائی کے فورا بعد کھیت سے گندم گوداموں میں منتقل کر دیں۔
گندم کی سٹوریج کیلئے ترجیحا نئی بوریاں استعمال کریں اور ان بوریوں کو دھوپ میں خشک کریں اور محکمہ زراعت پنجاب کے مقامی زرعی ماہرین کا سفارش کردہ زہروں کا سپرے کریں تاکہ اس میں موجود کیڑے تلف ہو جائیں ۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=584863