گوادر بندرگاہ دنیا کا بہترین معاشی حب ثابت ہوگا،چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کا اسلام آباد آفس برائے گوادر ٹو دی کیپٹل کی افتتاحی تقریب سے خطاب

123
چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی

اسلام آباد۔18فروری (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا ہے کہ سی پیک منصوبہ جات نہ صرف صوبہ بلوچستان بلکہ پورے ملک کی ترقی کے ضامن ہیں، گوادر بندرگاہ دنیا کا بہترین معاشی حب ثابت ہوگا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے رفیع گروپ کے زیر انتظام اسلام آباد آفس برائے گوادر ٹو دی کیپٹل کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ گوادر خطے کی رابطہ کاری میں اہم کردار ادا کرے گا اور گوادر ہمارے لئے انتہائی اہم ہے اس کی ترقی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ محمد صادق سنجرانی نے کہا کہ دنیا میں جن ممالک نے ترقی کی ہے ان کی بندرگاہیں انتہائی فعال اور موثر ہوتی ہیں اس لئے ہم نے بھی گوادر کو ایک فعال بندرگاہ کی حیثیت سے دنیا میں متعارف کرایا ہے اورگوادر کی جغرافیائی اہمیت سے کوئی بھی انکار نہیں کر سکتا، گوادر پورے خطے کی ترقی کیلئے اہم ثابت ہوگا۔

گوادر بندرگاہ کا کردارملک کی ترقی میں اہم سنگ میل ثابت ہوگا جہاں سرمایہ کاری و تجارت کے وسیع مواقع موجود ہیں ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاران مواقعوں سے استفادہ کر سکتے ہیں۔ جغرافیائی اہمیت کے پیش نظر پاک چین اقتصادی راہداری میں گوادر کو مرکزی حیثیت حاصل ہے۔

محمد صادق سنجرانی نے کہا کہ سی پیک منصوبوں کے مثبت اثرات پورے ملک کی معیشت پراثر انداز ہو نگے۔ یہی وجہ ہے کہ گوادر میں سرمایہ کار دلچسپی لے رہے ہیں اور اگلے سال تک سرمایہ کاری کی مد میں پانچ ارب ڈالر کی وہاں سرمایہ کاری متوقع ہے۔

محمد صادق سنجرانی نے گوادر میں ترقی کیلئے رفیع گروپ کی کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ نجی شعبے سے بے شمار کمپنیوں نے گوادر میں سرمایہ کاری کا اظہار کیا ہے اور حکومت ان کے ساتھ رابطے میں۔

چیئرمین سینیٹ کو رفیع گروپ کے چیئرمین امتیاز رفیع بٹ نے گوادر میں شروع کیے گئے منصوبہ جات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی کے ہمراہ ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سینیٹرمرزا محمد آفریدی، وفاقی وزیر سائنس اینڈٹیکنالوجی سینیٹر شبلی فراز،سینیٹر سیف اللہ ابڑو، سینیٹرفیصل سلیم رحمان،سینیٹر منظور احمد کاکڑ، سینیٹر نصیب اللہ بازئی، سینیٹر کہدہ بابر، سینیٹر پرنس احمدعمر احمدزئی موجود تھے۔