اسلام آباد ۔ 5 اپریل (اے پی پی) گوادر فری اکنامک زون کے پائلٹ فیز کا کام مکمل کیا جا چکا ہے اور منصوبہ کے ابتدائی مرحلے میں پانچ چینی اور تین پاکستانی کمپنیوں کی جانب سے 48 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کی جا چکی ہے۔ سی پےک سےکرٹرےٹ کے حکام کے مطابق فری اکنامک زون 923 ایکڑ رقبہ پر مشتمل ہو گا جس کے دوسرے مرحلے کا کام جلد شروع کیا جا رہا ہے۔ اسی طرح گوادر کے شہریوں کو دو لاکھ گیلن پانی کی فراہم کرنے کا منصوبہ بھی شروع کیا گیا ہے۔ فروری 2015ءمیں گوادر کی بندرگاہ چائنیز اوورسیز پورٹ ہولڈنگ کمپنی کو دی گئی تھی تاکہ اس کو آپریشنل کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ بندرگاہ پر بحری جہازوں کی آمد و رفت جاری ہے جو تجارتی سامان کے ساتھ آلات کی نقل و حمل کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گوادر بندرگاہ کا منصوبہ آئندہ تین سے چار سال کے دوران مکمل طور پر آپریشنل ہو جائے۔