راولپنڈی۔30اگست (اے پی پی):گوجر خان پولیس نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے دہشت گردی، قتل اور منشیات کے سنگین مقدمات میں مطلوب اشتہاری کو گرفتار کر لیا۔ ہفتہ کو پولیس کے مطابق ملزم نے دسمبر 2024 میں اپنے ساتھیوں کے ہمراہ ہاؤسنگ سوسائٹی کی ایک تقریب میں فائرنگ کر کے ایک شہری کو قتل کیا تھا۔
ملزم کی گرفتاری کے دوران اس کے ڈیرہ سے بھاری مقدار میں منشیات برآمد ہوئی۔ پولیس کے مطابق ڈیرے سے 64 کلو سے زائد چرس، 1860 گرام ہیروئن، 730 گرام افیون اور 210 گرام آئس قبضے میں لی گئی۔اشتہاری اور اس کے ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے گوجر خان سرکل کی خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی تھی۔
ترجمان راولپنڈی پولیس کے مطابق ملزم کے 6 ساتھی پہلے ہی گرفتار کیے جا چکے ہیں جن سے اسلحہ بھی برآمد ہوا تھا۔ ایس پی صدر محمد نبیل کھوکھر کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزم اور اس کے ساتھیوں کے خلاف ٹھوس شواہد کے ساتھ چالان عدالت میں پیش کیا جائے گا تاکہ انہیں قرار واقعی سزا دلوائی جا سکے۔