نمائندہ۔ 20 فروری (اے پی پی):کمشنر سید نوید حیدر شیرازی نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز کے پروگرام "پنجاب سوشیو اکنامک رجسٹری” کے تحت گوجرانوالہ/گجرات ڈویژن کے تمام اضلاع میں ابتک 7 لاکھ 4 ہزار 593 خاندانوں کے 30 لاکھ 60 ہزار 727 افراد کے کوائف کا اندراج کیا جا چکا ہے ۔کمشنر سید نوید حیدر شیرازی نے بتایا کہ حکومت پنجاب کی ہدایات کے مطابق گوجرانوالہ ڈویژن کے اضلاع میں شہریوں کی رجسٹریشن کے لیے 411 ، گجرات ڈویژن میں 304 مراکز جبکہ مجموعی طور پر 715 سنٹرز قائم کئے گئے ہیں، یونین کونسلوں سمیت لوکل گورنمنٹ دفاتر میں قائم ان مراکز پر روزانہ ہزاروں افراد کی رجسٹریشن کی جا رہی ہے ۔
کمشنر سید نوید حیدر شیرازی نے بتایا کہ گوجرانوالہ ڈویژن کے اضلاع گوجرانوالہ ، سیالکوٹ اور گجرات میں ابتک 4 لاکھ 26 ہزار 724 خاندانوں کے 17 لاکھ 92 ہزار 74 افراد جبکہ گجرات ڈویژن کے اضلاع گجرات ، منڈی بہاوالدین ، حافظ آباد اور وزیر آباد میں 2 لاکھ 77 ہزار 869 خاندانوں کے 12 لاکھ 68 ہزار 653 افراد کے کوائف درج کئے جا چکے ہیں ۔ کمشنر سید نوید حیدر شیرازی نے کہا کہ حکومت پنجاب کی ہدایات کے مطابق رجسٹریشن کا عمل جاری ہے جو فیملیز ابتک اندراج نہیں کروا سکیں وہ فوری طور پر قریبی یونین کونسل دفتر سے رجوع کریں مستقبل میں اس ڈیٹا بیس میں درج افراد حکومت پنجاب کی فلاحی پالیسیوں اور ریلیف سے مستفید ہو سکیں گے ۔