گوجرانوالہ، عام انتخابات ،ریسکیو1122کاایمرجنسی ڈیوٹی پلان تشکیل،سٹاف کی چھٹیاں منسوخ کردی گئیں

118
Rescue 1122
Rescue 1122

گوجرانوالہ۔ 02 فروری (اے پی پی):ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر میاں رفعت ضیا کی زیرِصدارت جنرل الیکشن2024کے حوالے سے ریسکیو1122گوجرانوالہ کاایمرجنسی ڈیوٹی پلان جاری کر دیا گیا۔

جنرل الیکشن2024کے حوالے سے ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسرگوجرانوالہ میاں رفعت ضیا کی زیر صدارت ایمرجنسی ڈیوٹی پلان اوردیگرانتظامات کو حتمی شکل دینے کیلئے ریسکیو1122کے مرکزی ضلعی دفترگوندلانوالہ چوک میں اجلاس کاانعقادہوا۔

میاں رفعت ضیا نے جنرل الیکشن کے حوالے سے ایمرجنسی پلان کاجائزہ لیتے ہوئے کہا کہ ریسکیو1122گوجرانوالہ ضلع بھرمیں”اے کیٹگری”کے حساس پولنگ اسٹیشنزپرایمرجنسی میڈیکل کورفراہم کریگااورکسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری مدد پہنچانے کیلئے ہائی الرٹ رہے گا ،جدید میڈیکل آلات اورادویات سے لیس29ایمبولینسز،17فائر وہیکلزاور7سپیشل ریسکیو وہیکلزتعینات کی گئی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جنرل الیکشن کے موقع پرتمام سٹاف کی چھٹیاں منسوخ کردی گئیں ہیں اور550سے زائدریسکیواہلکاراورکمیونٹی ایمرجنسی ریسپانس ٹیمز بھی ڈیوٹی سرانجام دیں گی جبکہ تمام حساس پولنگ اسٹیشنزپرریسکیو میڈیکل/موبائل پوسٹیں قائم کی جائیں گی۔

اسکے علاوہ ضلع گوجرانوالہ کی تمام تحصیلوں میں بھی”اے کیٹگری”کے حساس پولنگ اسٹیشنز کوایمرجنسی میڈیکل کورفراہم کیا جائے گا۔