گوجرانوالہ۔ 04 ستمبر (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر فیاض احمد موہل نے تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال کامونکی کااچانک دورہ کیا ، طبی سہولیات کی فراہمی، ڈاکٹرز، پیرا میڈیکل سٹاف کی ڈیوٹی روسٹر کے مطابق حاضری چیک کی اور ہسپتال میں صفائی ستھرائی کے امور کا بھی جائزہ لیا۔ اس موقع پر ہسپتال انتظامیہ نے انہیں انتظامی امور سمیت ادویات کے سٹاک بارے بریفنگ دی۔
ڈپٹی کمشنر نے اپنے اچانک دورہ کے دوران سر جیکل وارڈ، میڈیکل /ایمرجنسی وارڈ، سرجیکل وارڈز، فارمیسی سمیت ہسپتال کے دیگر اہم شعبوں کا تفصیلی جائزہ لیتے ہو ئے مریضوں اور ان کے تیمار داروں سے ہسپتال میں فراہم کی جانے والی سہولیات، ڈاکٹروں کے رویئے اور ادویات کی دستیابی کے سلسلہ میں معلومات حاصل کیں۔ڈپٹی کمشنر نے ڈاکٹرز وعملہ کو کہا کہ وہ مریضوں سے خوش اخلاقی سے پیش آئیں، وقت کی پابندی اور دوران ڈیوٹی اپنی ذمہ داریاں ایمانداری سے سرانجام دیں۔
انہوں نے ڈاکٹرز، نرسنگ و پیرا میڈیکل اسٹاف کی بائیو میٹرک حاضری چیک کی اور ہسپتال میں صفائی امور کا بھی جائزہ لیا۔انہوں نے تمام عملہ کو ہدایت کی کہ وقت کی پابندی یقینی بنائی جائے اور طبی سہولیات کے حصول کیلئے آنے والے شہریوں کو درکار سروسز فراہم کی جائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہسپتالوں میں صفائی ستھرائی اور فرائض میں غفلت و لاپرواہی ہرگز برداشت نہیں کی جائیگی ۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر (کامونکی) خرم مختار بھنگو،ایم ایس ہسپتال اور دیگر متعلقہ بھی انکے ہمراہ تھے۔
ڈپٹی کمشنر نے کہاکہ سرکاری ہسپتالوں میں آنے والا ہر مریض ہمارے لئے اہم اور یکساں عزت و تکریم کا حقدار ہے ، مریضوں کو بلا تفریق اور بغیر سفارش تمام ممکنہ سہولیات ملنی چاہئیں۔ انہوں نے کہاکہ حکومت پنجاب مریضوں کو علاج معالجہ کی ہرممکن سہولت کی فراہمی کیلئے ترجیحی بنیادوں پر فنڈز اور وسائل فراہم کر رہی ہے ۔علاوہ ازیں ڈپٹی کمشنر فیاض احمد موہل نے ماڈل سکولز کے حوالے سے گورنمنٹ ہائی سکول کامونکی فار گرلز/بوائز کااچانک دورہ کیا۔
اس موقع پر انہوں نے اساتذہ اور طالبات سے تعلیمی سہولیات اور نصابی سرگرمیوں بارے استفسار کیا۔ انہوں نے مختلف کلاس رومز کا معائنہ کیااور طالبات سے نصابی اورغیرنصابی سرگرمیوں، جنرل نالج کے سوالات بھی پوچھے۔اس کے علاوہ انہوں نے سکول میں تعلیمی سہولیات کے ساتھ ساتھ دیگر بنیادی سہولیات کی دستیابی کا بھی جائزہ لیا۔انہوں نے سکول اساتذہ پرزوردیا کہ وہ تعلیم وتربیت پربھرپورتوجہ دیں، اخلاقیات اوراچھی عادات سیکھائیں، ملک و معاشرے کا فعال شہری بنائیں تاکہ طلبا و طالبات اپنی صلاحیتوں کو بروئے کارلاکرملک وقوم کی خدمت کرسکیں۔