گوجرانوالہ،بجلی چوروں کیخلاف کریک ڈائون 20ویں روزبھی جاری،پکڑے جانے والوں کی تعداد1076ہوگئی

135
Electricity thief arrested
Electricity thief arrested

گوجرانوالہ۔ 26 ستمبر (اے پی پی):وزارتِ توانائی ( پاور ڈویژن) کی ہدایت پرگیپکوریجن بھرکے شہروں میں بجلی چوروں کیخلاف کریک ڈاؤن بیسویں روز بھی جاری رہا،مزید57بجلی چور پکڑے گئے،بجلی چوروں کو40لاکھ روپے سے زائد کے جرمانے کیے گئے،حالیہ مہم کے دوران پکڑے جانے والوں کی تعداد 1076ہو گئی، 983کے خلاف مقدمات درج جبکہ 180 افراد کو گرفتارکیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق وزارت توانائی کی ہدایات پرگیپکو ریجن میں چیف ایگزیکٹو آفیسر انجینئرمحمد ایوب کی زیر نگرانی ریجن بھر میں بجلی چوروں کے خلاف کریک ڈائون بیسویں روز بھی جاری ہے، 7ستمبر سے جاری مہم کے دوران ابتک گیپکو ریجن میں بجلی چوری کے کل کیسزکی تعداد1076 ہوگئی ہے جن کو24لاکھ92ہزار ڈی ٹیکشن یونٹس چارج کئے گئے ہیں جن کی مالیت9کروڑ75لاکھ روپے سے زائد بنتی ہے۔

اس حوالے سے چیف ایگزیکٹو انجینئر محمد ایوب نے بتایا کہ ریجن بھر میں جاری حالیہ کریک ڈائون کے دوران گیپکو سرویلنس ٹیموں کی کامیاب کاروائیوں کے نتیجہ میں سٹی سرکل میں 263، کینٹ سرکل میں286، گجرات سرکل میں 113،سیالکوٹ سرکل میں 157، نارووال سرکل میں 116اور منڈی بہائوالدین میں 141 جبکہ ریجن بھر میں مجموعی طور پر 1076کنکشنز بجلی چوری میں ملوث پائے گئے،جن میں سے 983کے خلاف مقدمات درج کئے گئے ہیں جبکہ 180کو گرفتار بھی کیا جا چکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزارت توانائی (پاور ڈویژن)کی ہدایات کی روشنی میں گیپکو ریجن بھر میں بجلی چوری کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے جس میں گیپکوٹیمیں بجلی چوری کا قلع قمع کرنے کے لئے دن رات مصروف عمل ہیں۔انہوں نے بتایا کہ گیپکوریجن کے اضلاع گوجرانوالہ ، سیالکوٹ، گجرات ، منڈی بہائوالدین، حافظ آباد اور نارووال میں خصوصی چیکنگ ٹیموں نے گزشتہ روزکامیاب کارروائیوں کے دوران مزید57 بجلی چوروں کوپکڑلیاجو ڈائریکٹ سپلائی،میٹر کی باڈی میں سوراخ کرکے،شنٹ سسٹم، میٹر کی باڈی ٹیمپرڈ کرکے اور مختلف طریقوں سے بجلی چوری کرکے محکمہ کو لاکھوں روپے کا نقصان پہنچا رہے تھے،

ان تمام بجلی چوروں کے کنکشنز کاٹ دئیے گئے ہیں اورانہیں 96ہزار سے زائد یونٹس کی مد میں 40لاکھ روپے سے زائد ڈیٹکشن بل بھی جاری کر دیئے گئے ہیں جبکہ ان کے خلاف قانونی کارروائی کیلئے متعلقہ تھانوں میں ایف آئی کے اندراج کیلئے درخواستیں بھی جمع کرادی گئی ہیں۔

چیف ایگزیکٹوانجینئر محمد ایوب نے عوام الناس سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ اپنے اردگرد نظر رکھیں اور کہیں بھی ہونیو الی بجلی چوری کی فوری اطلاع گیپکوکے جاری کردہ نمبرز پر دیں تاکہ ان بجلی چوروں کے خلاف سخت کارروائی کی جاسکے۔انہوں نے کہا کہ ملک معاشی ترقی کیلئے بجلی چوروں کا خاتمہ نہایت ضروری ہے لہٰذاشہری گیپکوسرویلنس ٹیموں کے ساتھ بھرپور تعاون کریں۔