گوجرانوالہ۔ 31 جنوری (اے پی پی):کمشنرگوجرانوالہ سید نوید حیدر شیرازی نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب کی ہدایات کے مطابق گوجرانوالہ اور گجرات ڈویژن میں یکم دسمبر سے جاری تجاوزات کیخلاف مہم کے دوران ابتک 3022 مستقل اور 34418عارضی تجاوزات کا خاتمہ کیا جاچکا ہے،میونسپل کارپوریشن گوجرانوالہ’ گجرات اور میونسپل کمیٹیوں نے تجاوزت کنندگان کو1کروڑ 99لاکھ روپے سے زائد جرمانہ عائد کیا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے گوجرانوالہ کے گنجان آباد کاروباری علاقوں نیائیں چوک، گھنٹہ گھر چوک،بازار نزد میونسپل کارپوریشن،جی ٹی روڈ کے علاقوں کے دورہ کے موقع پر کیا۔ ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ نوید احمد،چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن حیدر چٹھہ بھی انکے ہمراہ تھے۔دونوں افسران نے انسداد تجاوزات آپریشنز کے حوالے سے بریفنگ دی۔
کمشنر سید نوید حیدر شیرازی نے بتایا کہ دو ماہ سے جاری انسداد تجاوزات مہم کے دوران کل 104انسداد تجاوزات سکواڈز کے افسران واہلکاروں کے کارروائیوں میں حصہ لیا اس دوران ہلکی و بھاری مشینری کی مدد سے متعدد غیر قانونی پلازے، دکانیں اور عمارات کی صورت میں قائم تجاوزات کا خاتمہ کر دیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ انسداد تجاوزات مہم کے دوران کل 348بلڈنگز کو سیل کیا گیا، کار سرکار میں مداخلت سمیت مختلف قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کیخلاف کل 101مقدمات درج کرائے جاچکے ہیں۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=554442