لاہور۔9 اکتوبر(اے پی پی ) گور نرپنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ بھارت کو پہلے بھی ہم نے ہر محاز پر شکست دی ہے اور اب بھی بھارت ایف اے ٹی ایف میں پاکستان کی مخالفت پر منہ کی کھائے گا۔ پاکستان کی سیاسی اور عسکری قیادت کا دورہ چین ہر لحاظ سے کامیاب رہا ہے، سی پیک کے دوسرے مرحلے سے پاکستان میں ترقی او ر خوشحالی کے نئے دورکا آغاز ہوگا۔ تفصیلات کے مطابق بدھ کے روز صدر مملکت ڈاکٹر عارف لاہور پہنچے جہاں گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے انکا استقبال کیا جسکے بعد دونوں راہنماﺅں کے دوران گورنر ہاﺅس میں ملاقات ہوئی جس میں سیاسی امور سمیت دیگر ایشوز کے حوالے سے بات چیت ہوئی۔ بعدازں گورنر پنجاب چوہدری محمدسرور سے اوورسیز پاکستانی کمیشن کے کمشنر جاوید اقبال بخاری، عوامی تحر یک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور اور ڈاکٹر ہمایوں پرویز سمیت دیگر نے بھی ملاقات کی جن سے گفتگو کے دوران گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں تحر یک انصاف کی حکومت ملک کو معاشی طور پر مضبوط بنانے کے ساتھ غر بت اور مہنگائی کے خاتمے اور عوام کو بنیادی سہولتوں کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے بھی اقدامات کر رہی ہے مگر اپوزیشن اپنی سیاسی دوکانداری چمکانے کیلئے ہر معاملے کو تنقید کا نشانہ بنا رہی ہے لیکن اپوزیشن عوام کو گمراہ کر نے کے اپنے مشن میں کسی صورت کامیاب نہیں ہوگی اور پاکستان اسی طر ح ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن رہیگا۔